بچپن سے ہی شرارتی تھی ، رونے دھونے والے کردار ہرگز پسند نہیں ‘ اداکارہ دردانہ بٹ

جمعہ 30 ستمبر 2016 13:15

بچپن سے ہی شرارتی تھی ، رونے دھونے والے کردار ہرگز پسند نہیں ‘ اداکارہ ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 ستمبر۔2016ء) سینئر اداکارہ دردانہ بٹ نے کہا ہے کہ بچپن سے ہی شرارتی تھی ، رونے دھونے والے کردار ہرگز پسند نہیں ہیں ۔ ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ جب میں مڈل کلاس میں تھی تو اس وقت میں نے ہر ایک کے ساتھ شرارتوں کا سلسلہ شروع کر دیا تھا، بعد میں جب میں کنیئرڈ کالج گئی تو وہاں ڈراموں میں بھی کام کرتی رہی ۔

بعد میں جب میں شوبز کی دنیا میں داخل ہوئی تو چھوٹے چھوٹے کردار ادا کرنا شروع کر دیئے ۔ مجھے رونے دھونے والے کردار ہرگز پسند نہیں تھے کیونکہ موڈ کے اعتبار سے مجھ میں طنز اور مزاح کی حس زیادہ تھی ۔ ایک مرتبہ میں نے نامور رائٹر اشفاق احمد سے کہا کہ میرے لیے کوئی مزاحیہ کردار لکھیں جس کا انہوں نے میرے سے وعدہ کیا مگر بعد میں یہ مرکزی کردار کوئی اور لے گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے پی ایچ ڈی کر رکھی ہے اور ایک تعلیمی ادارے میں بطور پرنسپل بھی فرائض انجام دیتی رہی ہوں ۔ مگر اداکاری کا جنون کبھی بھی ختم نہیں ہوا لیکن آج بھی میں رونے دھونے والے کرداروں سے کتراتی ہوں ۔دردانہ بٹ نے کہا کہ میں آج کے نئے ٹیلنٹ سے بڑی متاثر ہوں اور مجھے یقین ہے کہ آنے والے وقتوں میں ہماری نوجوان نسل ملک کو بہترین طریقے سے چلائے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ معین اختر آل ٹائم میرے فیورٹ ہیں جبکہ اداکارہ حنا دلپزکی اداکاری سے بڑی متاثر ہوں کیونکہ ان کے پاس بڑی ورائٹی ہے ۔

متعلقہ عنوان :