خود مختاری کیخلاف کسی بھی ناپاک منصوبے کا جواب دینا جانتے ہیں‘ وزیر اعظم نواز شریف،وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس (کل) طلب

بھارت کنٹرول لائن پر کھلی جارحیت دکھا رہا ہے،ہماری امن کی کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے،ایل او سی پربھارتی فوج کی جارحیت کی شدید مذمت ،پاک فوج کے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا وزیر اعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف میں ٹیلیفونک رابطہ ،ایل او سی پر بھارتی جارحیت پر تبادلہ خیال کیاگیا مشیر قومی سلامتی نے ایل او سی کی صورتحال پر وزیراعظم کو بریفنگ دی ، نواز شریف کاپاک فوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر اطمینان کا اظہار نواز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کی بھی ملاقات ،موجودہ سکیورٹی صورتحال ،ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی وزیر دفاع کی بھی ملاقات، سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ غلط ہے ، پاک فوج نے بھارت کو بھرپور جواب دیا ‘ خواجہ آصف

جمعرات 29 ستمبر 2016 18:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 ستمبر - 2016ء ) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن طریقے سے رہنے کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،بھارت کنٹرول لائن پر کھلی جارحیت کررہا ہے، خودمختاری کے خلاف کسی بھی ناپاک منصوبے کا جواب دینا جانتے ہیں۔ بھارت کی طرف سے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ اورگولہ باری کے بعد وزیر اعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے ایل او سی پر بھارتی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر فائرنگ کے باعث پاک فوج کے دو اہلکاروں کی شہادت کے بعد جاری بیان میں وزیراعظم نوازشریف نے لائن آف کنٹرول پربھارتی فوج کی جارحیت کی شدید مذمت کی اور پاک فوج کے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ مسلح افواج اور قوم ملکی سالمیت ، دفاع اور دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

بھارت کنٹرول لائن پر کھلی جارحیت دکھا رہا ہے،ہماری امن کی کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ خودمختاری کے خلاف کسی بھی قسم کے ناپاک منصوبے کا جواب دینا جانتے ہیں۔ بھارتی افواج کا مقابلہ اوروطن کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کو ایل او سی کی صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھا جا رہا ہے۔

مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے ایل او سی کی صورتحال پر وزیراعظم کو بریفنگ دی اور جامع رپورٹ بھی جمع کرا دی ہے۔ وزیراعظم نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے ملاقات کی اور وزیراعظم کو موجودہ سکیورٹی کی صورتحال اور ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے( کل) جمعہ کو وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔ وفاقی کابینہ اجلاس کے جاری کردہ ایجنڈے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا جائے گا ۔ وزیراعظم جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب اور غیر ملکی سربراہوں سے ملاقاتوں پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے ۔ سیکرٹری خارجہ پاک بھارت تعلقات اور کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دینگے ۔

کابینہ کو بھارتی جارحیت اورخطے کی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی ۔بھارتی جارحیت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے سے متعلق جائزہ لیاجائے گا۔اجلاس میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائرکی خلاف ورزیوں اور بھارتی رہنماؤں کے جارحانہ بیانات کے تناظر میں خطے کی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا ۔وزارت خارجہ اوردفاعی حکام خطے کی سلامتی صورتحال پربریفنگ دینگے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ اورگولہ باری کے بعد وزیر اعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے ایل او سی پر بھارتی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا۔آرمی چیف نے وزیراعظم کو بھارتی جارحیت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سرجیکل اسٹرائیکس کا دعویٰ غلط ہے ۔

کنٹرول لائن کی صورتحال پر وزیراعظم کو آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بھارتی اشتعال انگیزی اور فائرنگ کا موثر جواب دیا ہے ۔ بھارتی جارحیت پر وزیراعظم نے وزیر دفاع خواجہ آصف کو وزیراعظم ہاؤس طلب کرلیا۔وزیر دفاع نے وزیراعظم کو ایل او سی پر بھارتی جارحیت کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا ہے۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ایل او سی کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم نے وطن عزیز کے بھر پور دفاع کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کیلئے پوری قوم یکجان اور متحد ہے ۔