سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ کرنیوالوں کی اپنی سٹاک ایکسچینج 500پوائنٹ گرگئی ،پاکستان میں کوئی خوف نہیں ‘ شیخ رشید

بھارت نے حملہ کیا تو وہاں مہندی لگے گی ، مندروں میں گھنٹیاں بجیں گی اور نہ ہی سرسوں اور گھاس اگے گی‘سربراہ عوامی مسلم لیگ

جمعرات 29 ستمبر 2016 18:05

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 ستمبر - 2016ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بھارت نے اڑی کا ڈرامہ خود رچایا ،پٹھان کوٹ اور ممبئی میں حملہ کرنے والوں کی لاشیں چھ ماہ اور ایک سال تک پڑی رہیں جبکہ اڑی میں حملہ کرنے والوں کی لاشیں ایک روز میں دفنا دی گئیں ،پاکستان میں کوئی خوف نہیں اور بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ ہے ، اگر بھارت نے حملہ کیا تو وہاں مہندی لگے گی ، مندروں میں گھنٹیاں بجیں گی اور نہ ہی سرسوں اور گھاس اگے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عمران خان کی زیر صدارت جہانگیر خان ترین کی رہائشگاہ پر رائیونڈ جلسے کیلئے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی تحریک میں انکے ساتھ کھڑی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم نے آج تک بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کا نام نہیں لیا جبکہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اقوام متحدہ میں بہادر خان کا نام لیا ۔

بھارت کہہ رہا ہے کہ اس نے پاکستان کی حدود میں سرجیکل سٹرائیک کی ہے جبکہ اس کی سٹاک ایکسچینج 500پوائنٹ گر گئی ہے ،اس کے مقابلے میں پاکستان میں کوئی خوف نہیں۔ بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ ہے ۔ جنرل راحیل شریف نے جو موقف اپنایا ہے اسے پوری قوم کی تائید حاصل ہے ۔ اگر بھارت نے حملہ کیا تو وہاں مہندی لگے گی ، مندروں میں گھنٹیاں بجیں گی اور نہ ہی سرسوں اور گھاس اگے گی اور پوری قوم نے اس کا فیصلہ کر لیا ہے ۔

شیخ رشید نے کہا کہ بھارت نے اڑی کا ڈرامہ خود رچایا ۔ پٹھان کوٹ میں جنہیں حملہ آور قرار دیا گیا ان کی لاشیں چھ ماہ تک پڑی رہیں اسی طرح ممبئی کے حملہ آوروں کی لاشیں ایک سال پڑی رہیں ، اڑی میں جنہیں حملہ آور قرار دیا گیا ان کی لاشیں ایک دن میں دفنا دی گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ آج پی ٹی آئی کے مارچ اور جلسے میں بھرپور شرکت کرے گی ۔ عوام حکومت کے ساتھ اپوزیشن جماعتوں کے کردار پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں اور اب آنکھوں میں دھول نہیں جھونکی جاسکے گی۔

متعلقہ عنوان :