پاکستان نے ہمیشہ خطے میں موجود ممالک سے بہتر تعلقات قائم کرنے کی کوشش کی ،بھارت ہماری اس سوچ کو کمزوری نہ سمجھے ‘ گورنر پنجاب

عالمی برادری سے باہمی احترام پر مشتمل دو طرفہ تعلقات کا قیام ،اقتصادی شعبے میں تعاون کا فروغ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے موجودہ دورِ حکومت میں پاکستان عالمی سطح پر تیزی سے ترقی کرنیوالی معیشت کے طور پر اُبھرا ہے‘ رفیق رجوانہ کی پولینڈ کے سفیر سے گفتگو

جمعرات 29 ستمبر 2016 18:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 ستمبر - 2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہاہے کہ عالمی برادری سے باہمی احترام پر مشتمل دو طرفہ تعلقات کا قیام اور اقتصادی شعبے میں تعاون کا فروغ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے،موجودہ دورِ حکومت میں پاکستان عالمی سطح پر تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت کے طور پر اُبھرا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولینڈ کے سفیر پیٹرا پلانسکی سے ملاقات کے دوران کیا ، جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی فوج کی انسانیت سوز مظالم پر پوری دنیا کو تشویش ہے اب وقت آگیاہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں موجود ممالک خصوصا بھارت سے بہتر تعلقات قائم کرنے کی کوشش کی ہے مگر بھارت ہماری اس سوچ کو کمزوری نہ سمجھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری خود کشمیر کا دورہ کر کے وہاں بھارتی افواج کے مظالم کو منظر عام پر لا سکتی ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ دنیا میں قیام امن کی پاکستانی کوششوں کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے اور بعض عناصر کی طرف سے منفی پراپیگنڈہ کرنے سے انہیں کچھ حاصل نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پولینڈ اور پاکستان کے درمیان مثالی تعلقات موجود ہیں جو دو طرفہ تعاون اور معاشی ترقی کے لیے باہمی کوششوں پر محیط ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ، توانائی اور سوشل سیکٹر میں دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعاون پہلے سے موجود ہے جسے دفاع ،ملٹری تعاون سمیت نئے شعبوں تک وسعت دینا ہو گی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کا شمار تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں ہوتا ہے اور اس وقت کئی غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کو ترجیح دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کا پاکستان کے ساتھ سٹریٹجک تعاون کا فروغ بھی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ سر زمین اپنے اندر بے پناہ مواقع سمیٹے ہوئے ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان معاشی شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولینڈ کے سفیر کی پاکستان میں تعیناتی خوش آئند ہے اور توقع ہے کہ ان کی قیادت میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔ پولینڈ کے سفیرپیٹرا پلانسکی نے کہا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور وہ یہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی کے دلدادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولینڈ اور پاکستان کے درمیان باہمی تعاون کا فروغ ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔