تاجر برادری کے مسائل کو میڈیا میں اجاگر کرنے کیلئے فائر میگزین اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے مابین قریبی تعاون پر اتفاق

جمعرات 29 ستمبر 2016 18:01

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 ستمبر - 2016ء) فائرمیگزین اور فائر آن لائن ٹی وی کے ایک وفد نے میگزین کے چیف ایڈیٹر ناصر حبیب کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجروصنعتکار برادری کے اہم مسائل کو میڈیا میں اجاگر کرنے کیلئے دونوں اداروں کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وفد میں فائر میگزین کی منیجنگ ایڈیٹر محترمہ فیم ناصر، ایڈیٹر محترمہ شانزے مناف اور ڈائریکٹر دانیال احمد شامل تھے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ، سینئر نائب صدر شیخ پرویز احمد اور نائب صدر شیخ عبدالوحید نے فائز میگزین کی ٹیم کو چیمبر کے کردار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جو وہ مقامی تاجر وصنعتکار برادری کے مسائل کو حل کرانے اور ان کے کاروباری مفادات کو فروغ دینے کیلئے ادا کررہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تاجروصنعتکار برادری کو درپیش مسائل کو پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں مزید بہتر طور پر اجاگر کرنے کیلئے دونوں اداروں کے مابین روابط کو مضبوط کیا جائے گا۔ فائر میگزین کے چیف ایڈیٹر ناصر حبیب نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس مقامی تاجر برادری کی بہتری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے جومفید کردار ادا کر رہا ہے وہ قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں میڈیا حکومت کی توجہ اہم ایشوز کی طرف مبذول کرانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے لہذا ٹریڈ باڈیز اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے مابین قریبی تعاون تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان کا میگزین اور آن لائن ٹی وی بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے میں بھرپور تعاون کریں گے تا کہ کاروبار کیلئے سازگار حالات پیدا ہونے سے تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔ اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے فائر میگزین کے چیف ایڈیٹر ناصر حبیب کو چیمبر کا سونیئر پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :