مودی امن کا دشمن ہے،فوج اورعوام حملہ آورکا منہ توڑدینگے۔چودھری پرویزالٰہی

مقبوضہ کشمیر کو ہاتھ سے نکلتا دیکھ کر کنٹرول لائن پرفائرنگ اورایسی کارروائیاں بھارتی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہیں۔سابق نائب وزیراعظم کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 29 ستمبر 2016 17:44

مودی امن کا دشمن ہے،فوج اورعوام حملہ آورکا منہ توڑدینگے۔چودھری پرویزالٰہی

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29ستمبر2016ء) : پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیر اعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نریندر مودی پاکستان اور کشمیر کا ہی نہیں بلکہ امن کا دشمن ہے، مقبوضہ کشمیر کو ہاتھ سے نکلتے دیکھ کر کنٹرول لائن پر فائرنگ اور ایسی کارروائیاں بھارتی بوکھلاہٹ اور باقاعدہ پلاننگ کا نتیجہ ہیں۔ یہاں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع اور تحفظ کیلئے پاکستان کے عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار ہیں اور وہ ہر حملہ آور کا منہ توڑ دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کنٹرول لائن پر شہید ہونیوالے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی دستوں کی بھرپور جوابی کارروائی قابل تحسین ہے، مودی حکومت ایسی کارروائیوں، ڈراموں اور شوشوں سے پاکستان کو خوفزدہ نہیں کر سکتی، بھارتی حکومت اور فورسز کی کارروائیوں کا ہماری مسلح افواج کی جانب سے مناسب جواب دیا جا رہا ہے، افسوس کہ نوازشریف اور دفترخارجہ نے جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بھارتی حاضر سروس فوجی افسر کل بھوشن کی بلوچستان میں دہشت گردی اور کراچی میں ’را‘ کی تخریبی کارروائیوں سے متعلق قومی اداروں کے فراہم کردہ ثبوت اقوام عالم کے سامنے پیش نہ کر کے دہشت گرد مودی حکومت کو بے نقاب کرنے کا سنہری موقع کھو دیا اور وہ آج ایسی کارروائیاں کر رہی ہے، وزیراعظم نوازشریف اور دفتر خارجہ کو چاہئے کہ وہ یہ ثبوت کم از کم اب تک دنیا کو دکھانا شروع کر دیں۔