اسلام آباد ہائی کورٹ،خواجہ آصف کیخلاف کیس کی سماعت

جمعرات 29 ستمبر 2016 16:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 ستمبر۔2016ء) رہنما پاکستان تحریک انصاف شیریں مزاری کو ٹریکٹر ٹرالی کہنے پروزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت ہوئی۔کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔ سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر قانونی نقاط پر دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ جہاں بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو وہاں عدالت پارلیمانی امور میں مداخلت کا اختیار رکھتی ہے۔ شیریں مزاری کے وکیل نے کہا کہ ہم نے اسپیکر قومی اسمبلی کو خواجہ آصف کے خلاف درخواست بھی دی لیکن کچھ نہیں ہوا۔ یہ ہتک عزت کا معاملہ ہے ، خواجہ آصف نے خاتون رکن قومی اسمبلی کی ذات پر حملہ کیا ،شیریں مزاری کی جانب سے درخواست میں عدالت سے استدعاکی گئی کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو خواجہ آصف کے خلا ف انضباطی کارروائی عمل میں لا نے کاحکم دیا جائے۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف کو اسمبلی رکنیت سے نااہل قرار دینے کا معاملہ الیکشن کمیشن بھجوانے کا بھی حکم دیا جائے۔ واضح رہے کہ لیگی رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف نے8جون کو قومی اسمبلی کیاجلاس میں رہنما تحریک انصاف شیریں مزاری کے بارے میں کہا تھا کہ اے ٹریکٹر ٹرالی نوں سی چپ کرواوٴذرا۔ یہ الفاظ ٹی چینلز پر بھی نشر ہوئے اور سوشل میڈیا پر بھی موجود ہیں۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری مزاری نے کہا کہ خواجہ آصف نے جان بوجھ کر اسمبلی میں مجھ پر حملہ کیا وزیر اعظم کو اس حوالے سے مداخلت کرنا چاہیے تھی۔ کل کوئی دوسرا شخص بھی وزیر اعظم کے گھر کی خواتین کو نشانہ بنا سکتا ہے۔