بھارت کا سرجیکل اسٹرائیک کا دعوی جھوٹ پر مبنی ہے-دشمن نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کی۔وزارت دفاع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 29 ستمبر 2016 16:46

بھارت کا سرجیکل اسٹرائیک کا دعوی جھوٹ پر مبنی ہے-دشمن نے سوچے سمجھے ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29 ستمبر۔2016ء) وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کی جانب کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کی۔وزارت دفاع کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر بھمبر سمیت 3 سیکٹرز پر چھوٹے ہتھیاروں سے اچانک حملہ کیا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید اور 9 زخمی ہوئے۔

پاک فوج کی جانب سے بھی بھارت کو بھرپور جواب دیا گیا، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دشمن کو کتنا نقصان ہوا اس کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا لیکن اگر بھارت نے مستقبل میں بھی ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی تو اسے آئندہ بھی اسی طرح بھرپور جواب دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے، بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سوچے سمجھے منصوبے کے تحت فائرنگ کی گئی، بھارتی سیاستدان اور فوجی حکام گزشتہ چند روزسے جس قسم کے اشتعال انگیز بیانات دے رہے تھے تو انہوں نے اپنی عوام اور میڈیا کو تسلی دینے کے لئے یہ کارروائی کی۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ کیا گیا جسے پاک فوج کی جانب سے یکسر مسترد کردیا گیا۔