سندھ حکومت کراچی میں عوام کو پینے کا صاف پانی ان کی دہلیز تک پہنچانے کا عزم رکھتی ہے،جام خان شورو

جمعرات 29 ستمبر 2016 16:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 ستمبر۔2016ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا ہے کہ موجودہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کراچی میں عوام کو پینے کا صاف پانی ان کی دہلیز تک پہنچانے کا عزم رکھتی ہے۔ واٹر بورڈ کے افسران اور ملازمین عوام کو فوری ریلیف دینے کے لئے تمام اقدامات کو بروئے کار لائے۔ کمرشل بلنگ اور انشورنس کو ایک ماہ کے اندر اندر آؤٹ شورس کیا جائے اور ریکوری کو بہتر سے بہتر بنایا جائے، بصورت دیگر اعلیٰ افسران کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کراچی واٹر اینڈ سیوریج کے مرکزی دفتر میں عالمی بینک کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر عالمی بینک کے پروجیکٹ مینیجر برائے ورلڈ واٹر گلوبل پریکٹس مائیکل ہانین، ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید، ڈی ایم ڈی محمد اسلم اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عالمی بینک کے وفد کو کراچی میں فراہمی آب کے نظام اور لگائی جانے والی مشینری سمیت تمام امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

صوبائی وزیر بلدیات نے اس موقع پر KWSB میں مالی بحران سمیت دیگر سے عالمی بینک کے وفد کو آگاہ کیا اور کہا کہ ادارے کو مالی بحران سے نکالنے کے لئے سندھ حکومت کی جانب سے بھی خصوصی گرانٹ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ KWSB میں بلنگ بالخصوص کمرشل بلنگ کی ادائیگیوں کے نا ہونے سے بھی ادارہ مالی بحران کا شکار ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ایم ڈی واٹر بورڈ اور ڈی ایم ڈی ریکوری کو بھی سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ایک ماہ کے اندر اندر کمرشل بلنگ کے نظام کو آؤٹ شورس کیا جائے اور ریکوری کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اب اس معاملے پر کسی قسم کی کوئی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایک ماہ کے بعد کوتاہی کے مرتکب افسران اور ملازمین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر ورلڈ بینک کے پروجیکٹ مینیجر برائے ورلڈ واٹر گلوبل پریکٹس مائیکل ہانین نے صوبائی وزیر بلدیات کو یقین دلایا کہ ورلڈ بینک کراچی میں پانی کے بحران کے خاتمے اور عوام کو صاف و شفاف پینے کے پانی کی فراہمی میں سندھ حکومت اور KWSB کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے وفد کے سربراہ اور ارکان کو سندھ کی روائتی اجرک اورسندھ ٹوپی کا تحفہ بھی پیش کیا اور انہیں KWSB کی جانب سے شیلڈ بھی پیش کی۔

متعلقہ عنوان :