رائیونڈمارچ،شناختی کارڈ،ماسک،نمک،پانی کی بوتل،بسکٹس اور پونسٹان کی گولیاں ساتھ رکھیں‘پی ٹی آئی کی کارکنوں کو ہدایات

گلو بٹوں پر خاص نظر رکھیں ، خواتین رائیونڈ پہنچنے پر گروپ کی صورت میں اکٹھی رہیں ،مخصوص انکلوژر میں جلد از جلد پہنچنے کی کوشش کریں

جمعرات 29 ستمبر 2016 16:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 ستمبر۔2016ء) تحریک انصاف نے رائیونڈ مارچ کے دوران کسی بھی قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے شرکا ء کو خصوصی ہدایات جاری کر دیں ۔رائیونڈ مارچ میں شرکت کرنے والوں کو بذریعہ ایس ایم ایس ،واٹس ایپ جاری کی گئی خصوصی ہدایات میں کہا گیا کہ رائیونڈ مارچ کے دوران ہر انصافین کے پاس شناختی کارڈ، ماسک، نمک، روز واٹر سپرے، چھوٹا تولیہ، پانی کی بوتل اور چھوٹی ٹارچ ہونا ضروری ہے۔

قافلے میں ابتدائی طبی امداد کیلئے کارکن سنی پلاسٹ، پایوڈین، کاٹن، قینچی،پیناڈول، پونسٹان، بروفین اور فلائی جیل کی گولیاں ساتھ رکھنے کے علاوہ کھانے پینے کا سامان، بسکٹس اور جوسز وغیرہ بھی ساتھ رکھیں۔پارٹی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اپنے گروپ اور دوستوں کے نمبر کسی کاغذ پر لکھ کر اپنے پاس محفوظ کرلیں تاکہ موبائل فون کی بیٹری ختم ہونے کی صورت میں آپکے پاس ضروری نمبرز موجود ہوں۔

(جاری ہے)

خواتین کو جاری کی گئی خصوصی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ خواتین رائیونڈ مارچ کے دوران خصوصی احتیاط کریں اور جب رائیونڈ پہنچ جائیں تو گروپ کی صورت میں اکٹھی رہیں اور خواتین کیلئے بنائی گئی مخصوص انکلوژر میں جلد از جلد پہنچنے کی کوشش کریں ۔جن خواتین کو وہاں پہنچنے میں دشواری ہورہی ہو تووہ ITF کے ممبرز سے رہنمائی حاصل کریں۔ہدایات میں کہا گیا ہے کہ دوران سفر کسی بھی مشکوک شخص کو گاڑی میں بیٹھنے نا دیں اور اپنے آس پاس نگاہ رکھیں اور کسی بھی مشکوک حرکت یا شے کے بارے میں اپنے گروپ لیڈر کو مطلع کریں۔

اپنے ساتھ غیر قانونی اشیاء لیجانے سے مکمل گریز کریں اور اپنے دوستوں کو بھی ایسا کرنے سے منع کریں۔ رائیونڈپہنچ کر انصافین کی شکل میں چھپے ہوئے گلوبٹوں پر خاص نظر رکھیں کیونکہ وہ اس مارچ کو ناکام کرنے کی بھرپور کوشش کرینگے۔ جتنے زیادہ انصافین باخبر ہونگے اتنے زیادہ گلوبٹوں کو اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔

متعلقہ عنوان :