Live Updates

عمران خان سے ڈی جے بٹ کی ملاقات بے سود گئی ، رائیونڈ مارچ میں ساؤنڈ سسٹم لگانے کا کنٹریکٹ ڈی جے ولی سنز کو مل گیا

جمعرات 29 ستمبر 2016 16:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 ستمبر۔2016ء ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ڈی جے بٹ کی ملاقات بے سود گئی ، رائیونڈ مارچ میں ساؤنڈ سسٹم لگانے کا کنٹریکٹ ڈی جے ولی سنز کو مل گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے جلسوں میں کارکنوں کا خون گرمانے والے ڈی جے بٹ اور پی ٹی آئی میں معاوضے کے لین دین پر اختلافات ہو گئے تھے جس کے بعد پی ٹی آئی نے اپنے پروگراموں کے لئے ڈی جے ولی سنز کی خدمات حاصل کر لی تھیں ۔

تاہم عمران خان کی جانب سے رائیونڈ مارچ کے اعلان کے بعد ڈی جے بٹ نے ایک بار پھر ساؤنڈ سسٹم کا کنٹریکٹ حاصل کرنے کے لئے کوششیں شروع کیں اور عمران خان سے ملاقات کے لئے زمان پارک بھی گیا تاہم چیئرمین پی ٹی آئی نے ملاقات سے انکار کر دیا ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز جب عمران خان گاڑی میں سوار ہو کر اپنی رہائش گاہ داخل ہور ہے تھے تو ڈی جے بٹ بھی زبردستی اندر چلا گیا جسے دیکھ کر عمران خان گاڑی سے باہر نکلے تو ان سے مختصر ملاقات کی جب ڈی جے بٹ نے ساؤنڈ سسٹم لگانے کی استدعا کی تو عمران خان نے بتایا کہ رائیونڈ مارچ کے لیے ساؤنڈسسٹم کا کنٹریکٹ کس کو دینا ہے ان معاملات کو پی ٹی آئی لاہور کی ضلعی انتظامیہ دیکھ رہی ہے آپ ان سے رابطہ کریں ۔

جس پر ڈی جے بٹ افسردہ ہو کر اسی طرح الٹے قدموں واپس آگئے ۔ڈی جے بٹ کا کہنا تھا کہ مجھے پی ٹی آئی کے جلسوں میں ساؤنڈ لگانے کا کنٹریکٹ ملے یا نہ ملے لیکن میں پی ٹی آئی کا کارکن ہوں اور رہوں گا۔ ذرائع کے مطابق رائیونڈ مارچ کے لئے ساؤنڈ سسٹم لگانے کا کنٹریکٹ ڈی جے ولی سنز کو دیا گیا ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :