نواز شریف ہمارے چار سوالوں کا جواب نہ دیکر عوام کے جذبات سے کھیل رہے ہیں ‘ نعیم الحق

جمعرات 29 ستمبر 2016 16:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 ستمبر۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف ہمارے چار سوالوں کا جواب نہ دے کر عوام کے جذبات سے کھیل رہے ہیں لیکن کسی کو یہ خوش فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ رائیونڈ مارچ سے وہ استعفیٰ دے کر بھاگ جائیں گے ، رائیونڈ مارچ تاریخی ہو گا ، تصادم کی طرف لیجانے والی صورتحال سے بچنے کی کوشش کریں گے ، عمران خان آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے ، بھارت نے کوئی ایسی ویسی حرکت کی تو اس کوایسا جواب دیں گے کہ وہ ایک ہزار سال تک بھی نقصان پورا نہیں کرسکے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔نعیم الحق نے کہا کہ وزیر اعظم گزشتہ 6ماہ سے چار اہم سوالوں کا جواب دینے سے گریزاں ہیں ،وہ کمیشن بنانے کے معاملات کو بھی جان بوجھ کرطول دینا چاہتے ہیں ،ایسا کر کے وہ قوم کے جذبات سے کھیل رہے ہیں ، انہیں ایسا نہیں کرناچاہیے ،خدارا قوم پر رحم کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کس قدر افسوس کی بات ہے کہ بھارت اور کشمیرمیں ہزاروں مسلمانوں کے قاتل کو رائیونڈ جانے کی اجازت ہے لیکن محب وطن پاکستانیوں کو اجازت نہیں ہے۔

لیکن ہم چاہتے ہیں کہ رائیونڈمارچ میں آئین کی پاسداری کریں ، کسی بھی ایسی صورتحال سے بچنے کی کو شش کریں گے جو کہ تصادم کی طرف لے جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو یہ خوش فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ 30ستمبر کو وزیر اعظم استعفیٰ دے کر بھاگ جائیں گے لیکن جس طرح سے وزیر اعظم پر دباؤ بڑھ رہا ہے یہ خوش آئند ہے ، امید ہے کہ اکتوبر میں الیکشن کمیشن آف پاکستان اور سپریم کو رٹ کی جانب سے وزیر اعظم کی نا اہلی کا فیصلہ آجائے گا ۔

نعیم الحق نے کہا کہ رائیونڈ مارچ تاریخی مارچ ہو گا ، اس کیلئے ملک بھر سے قافلے آرہے ہیں ،20ہزار افراد کی رہائش کا انتظام کر لیا ہے ،آئندہ لائحہ عمل کا اعلان عمران خان کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جارحانہ کارروائیوں کی مذمت کر تے ہیں، ہم اپنے دفاع کیلئے مکمل طورپر تیار ہیں ،اگر اس نے کوئی ایسی ویسی حرکت کی تو اس کوایسا جواب دیں گے کہ وہ ایک ہزار سال تک بھی نقصان پورا نہیں کرسکے گا۔امید ہے کہ بھارت عقل کے ناخن لے گا۔

متعلقہ عنوان :