فاٹا کو الگ صوبہ بنایا جائے،غالب خان

جمعرات 29 ستمبر 2016 15:21

اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 ستمبر۔2016ء) فاٹا سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی غالب خان نے فاٹا اصلاحات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاٹا کو صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کی بجائے الگ صوبہ بنایا جائے، قائداعظم کے بعد وزیراعظم محمد نواز شریف اس ملک کے ہیرو ہیں۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں فاٹا پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے غالب خان نے کہا کہ فاٹا کے عوام فاٹا میں اصلاحات کے حوالے سے 14 اگست کے ساتھ ساتھ اصلاحات کا دن بھی منائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نواز شریف اور اصلاحاتی کمیٹی کے ارکان، فاٹا کے ارکان پارلیمنٹ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے حوالے سے سازشی ٹولے کو شرمندگی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ قائداعظم نے پاکستان بنایا تھا، فاٹا کے لئے وزیراعظم محمد نواز شریف ہمارے دوسرے ہیرو ہوں گے۔ غالب خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے لئے قابل عزت ہیں، وہ فاٹا کو متنازعہ نہ بنائیں، کسی کو اپنی دکان نہیں چمکانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے 80 فیصد عوام الگ صوبے کے حق میں ہیں کیونکہ صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت تو اپنا خرچہ بھی پورا نہیں کر سکتی، فاٹا کا بوجھ کیسے برداشت کرے گی۔

متعلقہ عنوان :