وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ -آرمی چیف نے سرجیکل اسٹرائیکس کے بھارتی دعوے کو بے بنیاد قرار دیا‘

بھارت کے ساتھ کشیدگی اور لائن آف کنٹرول پر سیزفائرکی خلاف ورزی کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس طلب کر لیا- کابینہ کے اجلاس میں سرحدوں کی حفاظت اور پاک فوج کی تیاریوں اور سارک کانفرنس ملتوی کیے جانے کے پیش نظر خارجہ امور کے حوالے سے بھی بریفنگ دی جائے گی۔ذرائع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 29 ستمبر 2016 15:05

وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان ٹیلیفونک ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29 ستمبر۔2016ء) بھارت کے ساتھ کشیدگی اور لائن آف کنٹرول پر سیزفائرکی خلاف ورزی کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس جمعہ کے روز طلب کر لیا ہے ، اجلاس میں بھارتی جارحیت کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے مشاورت کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم سیکریٹریٹ اسلام آباد میں ہوگا۔

کابینہ کے اجلاس میں سرحدوں کی حفاظت اور پاک فوج کی تیاریوں اور سارک کانفرنس ملتوی کیے جانے کے پیش نظر خارجہ امور کے حوالے سے بھی بریفنگ دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کابینہ کو ملکی دفاع کے لیے کیے جانے اقدامات اور اپنے دورہ امریکہ پر بھی اعتماد میں لیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس کے دوران آرمی چیف نے کنٹرول لائن پر فائرنگ کے واقعات سے آگاہ کیا۔

آرمی چیف نے سرجیکل اسٹرائیکس کے بھارتی دعوے کو بے بنیاد قرار دیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان کنٹرول لائن کی صورتحال پر گفتگو ہوئی، آرمی چیف نے وزیراعظم کو سرحدپر صورتحال سے آگاہ کیا۔آرمی چیف نے وزیراعظم نواز شریف کو بتایا کہ سرجیکل اسٹرائیکس کا بھارتی دعویٰ بے بنیاد ہے۔ مسلح افواج نے بھارتی اشتعال انگیزی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا، ملکی سلامتی کیلئے مسلح افواج مکمل تیار ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پوری قوم کا جذبہ وطن کی حفاظت کے لیے بلند ہے۔دریں اثناءوزیراعظم نواز شریف نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ، ان کا کہنا ہے کہ امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، مسلح افواج اور قوم ملکی سالمیت ، دفاع اور دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ، بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے دو پاکستانی فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن طریقے سے رہنے کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ بہادر افواج مادر وطن کی حفاظت کیلئے مکمل تیار ہیں، ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی افواج نا صرف ملکی سالمیت اور دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، بلکہ دشمن کے مذموم اور ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔