بھارت پاکستان کی مضبوط معیشت اور تیزرفتار ترقی سے خائف ہے،دہشت گردی مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دیں گے،30 ستمبر بھی گزر جائے گا،عابد شیر علی

جمعرات 29 ستمبر 2016 14:05

اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 ستمبر۔2016ء) وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کی مضبوط معیشت اور تیزرفتار ترقی سے خائف ہے، وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر پاکستان کا درست موقف عالمی برادری کے سامنے رکھ دیا ہے، عام انتخابات 2018ء میں ہی ہوں گے، مسلم لیگ (ن) بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، 14 اگست گزر گیا 30 ستمبر بھی گزر جائے گا۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی اور مضبوط معیشت بھارت کو ہضم نہیں ہو رہی، وزیراعظم پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر پاکستان کا موقف عالمی برادری کے سامنے رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بھارت کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کشمیر کے حوالے سے موقف عالمی برادری نے تسلیم کیا ہے جس پر بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہو گیا ہے، وہ پاکستان کو جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے، پاکستان پرامن ملک ہے، خطہ میں امن چاہتا ہے اگر پاکستان پر کوئی دہشت گردی مسلط کی گئی تو پاکستان اس کا منہ توڑ جواب دے گا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ بھارت کی مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے نہ صرف خارجہ پالیسی ناکام ہوئی بلکہ بھارت خود ناکام ہو گیا۔ بھارتی وزیراعظم مودی کو عالمی سطح پر اس سے قبل دہشت گرد قرار دیا گیا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 14 اگست گزر گیا30 ستمبر بھی گزر جائے گا۔ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، آئندہ عام انتخابات 2018ء میں ہی ہوں گے۔ عمران خان کے دھرنوں سے حکومت پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو ٹیوب ویل پر سبسڈی دی گئی مگر اس کے باوجود بل جمع نہیں کروا رہے۔ وہ اپنے ہی معاہدوں سے منحرف ہو رہے ہیں۔