پاکستان جنوبی ایشیا کو تباہی سے بچانے کیلئے تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو بھارت کی طرف سے ایل او سی کی خلاف ورزی کا نوٹس لینا چاہئے،

مولانا فضل الرحمن

جمعرات 29 ستمبر 2016 13:59

اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 ستمبر۔2016ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ رکن قومی اسمبلی مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا کو تباہی سے بچانے کیلئے تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو بھارت کی طرف سے ایل او سی کی خلاف ورزی کا نوٹس لینا چاہئے، پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے ایل او سی پر فائرنگ کر رہا ہے، بھارتی وزیراعظم کا مقصد خطے کے امن کو تباہ کرنا ہے، مسئلہ کشمیر پر اسلامی ممالک سے بہت امیدیں و ابستہ ہیں۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی انتظامیہ نے پاکستان کیخلاف واضح پالیسی اپنائی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

بھارت سفارتی اور دفاعی سطح پر پاکستان کو تنہا کرنے کیلئے اقدامات کر رہا ہے، ایل او سی پر بھارتی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں، ایسے اقدامات سے بھارت مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے اس کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے حق میں نعرے لگ رہے ہیں۔

کشمیری پاکستان کیلئے جانیں قربان کر رہے ہیں، پاکستانی جھنڈا لہرایا جا رہا ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ بھارت کو خطے کے بڑے ملک کی حیثیت سے ذمہ دارانہ اقدامات اٹھانا چاہئیں، پاکستان ابھی تک اسی وجہ سے تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا کو خطرے سے دوچار نہیں کرنا چاہتا لیکن پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو ایل او سی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ کا سختی سے نوٹس لینا چاہئے اور بھارت کو 1949ء کے فائر بندی کے معاہدے پر عملدرآمد کیلئے پابند کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی سے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر رابطہ میں ہیں، ہمارے ایجنڈے میں او آئی سی کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کا اجلاس بلانا شامل ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے حل کیلئے اسلامی برادر ممالک سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ بھارت مسلسل ایل او سی کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ بھارت کا مقصد خطے کے امن کو تباہ کرنا ہے۔ سارک کانفرنس منسوخ ہونے کا ذمہ دار پاکستان نہیں بھارت ہے۔ پا کستان کی مسلح افواج مادر وطن کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔