جنگی جنون نے بھارت کو حواس باختہ کر دیا،ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی شروع کردی

جمعرات 29 ستمبر 2016 12:19

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 ستمبر۔2016ء ) جنگی جنون نے بھارت کو حواس باختہ کر دیا ، پاکستان پر حملے کی تو حسرت دل میں رہ گئی تولائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں شروع کر دیں، آزاد کشمیر میں چار سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے 6افراد زخمی ہوگئے ،پاک فوج نے بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی بندوقیں خاموش کرادیں ،بھارتی فوج کی فائرنگ سے بنڈالہ، سماہنی، چوکی اور کنٹرول لائن پر واقع سول آبادیوں میں خوف وہراس پھیل گیا، کنٹرول لائن پر واقع آبادیوں بنڈالہ، سماہنی اور چوکی شہر میں والدین نے بچوں کو سکول جانے سے روک دیا ۔

جمعرات کو میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پر پونچھ بٹل اور دودھنیال سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 6 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ، اس کے علاوہ بھارتی فوج نے ناطر لچیال کی سول آبادی کو بھی نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

وادی لیپہ میں منڈا کنڈی کے مقام پر فائرنگ کی گئی جب کہ وادی نیلم میں برنالہ کے جھپ سیکٹر اور وٹالہ کے مقام پر بھی بھارتی افواج کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے باعث وادی نیلم میں بڑی تعداد میں سیاح محصور ہو کر رہ گئے ۔

پاک فوج کی جانب سے بھی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیاجب کہ فائرنگ اور گولہ باری کے باعث آبادی شدید خوف و ہراس پھیل گیا ۔ بھارتی فورسز کی اس بزدلانہ حرکتوں کا پاک فوج نے دندان شکن جواب دیا جس پر بھارتی توپیں خاموش ہو گئیں۔ کنٹرول لائن پر واقع آبادیوں بنڈالہ، سماہنی اور چوکی شہر میں والدین نے بچوں کو سکول جانے سے روک دیا ۔واضح رہے کہ بھارت نے اس سے قبل بھی متعدد بار لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باوٴنڈری پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی املاک اور شہریوں کو نقصان پہنچا چکا ہے ۔

متعلقہ عنوان :