چین کے 67ویں قومی دن کے حوالے سے خوبصورت ثقافتی تقریب کا انعقاد

تقریب میں چینی ثقافتی طائفہ نے ٹیبلوز پیش کر کے پاک چین تعلقات کو خراج تحسین پیش کیا

بدھ 28 ستمبر 2016 23:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 ستمبر - 2016ء ) چین کے 67ویں قومی دن کے حوالے سے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں پروقار ثقافتی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، تقریب میں چین کے صوبہ ہنان کے ثقافتی طائفہ نے اپنے ٹیبلوز پیش کر کے چینی ثقافت کے خوبصورت رنگوں کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا اور پاک چین تعلقات کو خراج تحسین پیش کیا۔ بدھ کی شام پی این سی اے میں ہونے والی تقریب میں وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید، وزیر اعظم کے مشیر عرفان صدیقی اور چینی سفیر سن وی ڈونگ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد بھی شریک تھے ۔چین کا قومی دن یکم اکتوبر کو منایا جاتا ہے ۔چینی ثقافتی طائفہ نے اپنے ٹیبلوز میں پاکستانی عوام اور پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا مظاہرہ بھی پیش کیا۔ ثقافتی طائفہ کی جانب سے قومی نغمے بھی پیش کئے گئے جس پر حاضرین کی جانب سے خوب داد دی گئی ۔عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کے حوالے سے پاکستان میں متعدد تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے ،دونوں ممالک باہمی تعلقات کی 65ویں سالگرہ بھی منا رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :