Live Updates

رائیونڈ مارچ کے شرکا ء کو مکمل سکیورٹی فراہم کریں گے ،پنجاب حکومت نے تحریک انصاف کو جوابی خط لکھ دیا

بدھ 28 ستمبر 2016 16:48

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 ستمبر۔2016ء) پنجاب حکومت نے تحریک انصاف کے رائیونڈ مارچ سے متعلق خط کا جواب دیتے ہوئے مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروا دی ، چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید اور سیکرٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلیمان سے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید اور مراد راس کی ملاقات ، رائیونڈ مارچ کے لئے آنے والے کارکنوں کو روکنے اور دیگر تحفظات سے آگاہ کیا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف نے پنجاب حکومت کو خط لکھ کر رائیونڈ مارچ کے دوران سکیورٹی اور کارکنوں کو روکنے سمیت دیگر تحفظات سے آگاہ کیا تھا جس پر پنجاب حکومت نے خط کا جواب دے دیا ہے ۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد سعید نے جوابی خط میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت مارچ کرنے والوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرے گی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب پہلے ہی اپنی پالیسی کا اعلان کر چکے ہیں۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے30ستمبر کو رائے ونڈ مارچ کے انتظامات کی تفصیلات اور فائنل بات چیت کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر محمود الرشید اور رکن پنجاب اسمبلی مراد راس نے سول سیکرٹریٹ میں چیف سیکرٹری کیپٹن (ر)ز اہد سعید اور سیکرٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلیمان سے ملاقات کی ۔ محمود الرشید نے ملاقات کے دوران اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جس پر چیف سیکرٹری زاہد سعید نے یقین دلایا کہ پنجاب حکومت اپنے تمام وسائل بروے کار لاتے ہوئے رائے ونڈ مارچ کی ریلی کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرے گی ۔انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف پرامن احتجاج کرے کیونکہ پنجاب حکومت امن و امان پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات