بھارتی آلو،ٹماٹرمنگوا کرحکمران پاکستانی زراعت تباہ کرنے کی پالیسی کیوں نہیں بدل رہے۔چودھری پرویزالٰہی

اُدھر مودی ہمارا پانی بند کر رہا ہے اِدھر شریف برادران پنجاب میں کسانوں پر تشدد اور پکڑ کر جیلوں میں ڈال رہے ہیں ۔سینئرمرکزی رہنماء مسلم لیگ کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 28 ستمبر 2016 16:32

بھارتی آلو،ٹماٹرمنگوا کرحکمران پاکستانی زراعت تباہ کرنے کی پالیسی ..

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28ستمبر2016ء) : مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیر اعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شریف برادران بھارتی آلو، ٹماٹر اور دیگر سبزیاں منگوا کر بھارتی کسانوں کو نوازنے اور پاکستانی زراعت کو تباہ اور کسانوں کو برباد کرنے کی پالیسی کیوں تبدیل نہیں کر رہے، ایک طرف مودی ہمارا پانی بند کر رہا ہے اور دوسری طرف ہمارے حکمران پنجاب میں کسانوں پر تشدد اور انہیں پکڑ کر جیلوں میں ڈال رہے ہیں، انہیں چاہئے کہ وہ کسانوں کو جیلوں میں ڈالنے کی بجائے ان کے مطالبات فوری تسلیم کریں اور انہیں ہمارے دور کی طرح سستی بجلی، پانی، کھادیں، بیج اور دل کھول کر سہولتیں و مراعات فراہم کریں۔

انہوں نے ایک بیان میں کسانوں کا احتجاج روکنے کیلئے کریک ڈاؤن کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کسانوں کی جدوجہد اور مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے، پنجاب میں جب سے موجودہ حکمران اقتدار میں ہیں ان کی کسان کش پالیسی کیخلاف مسلسل احتجاج کیا جا رہا ہے، مودی حکومت کی جانب سے ہمارے دریائی پانی کی بندش اور پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنے کے نت نئے طریقے سامنے آ رہے ہیں اور دوسری طرف یہ پاکستان کے حکمران ہیں جو بھارتی زرعی معیشت کو مضبوط اور اپنی زراعت کو تباہ کر رہے ہیں، ن لیگ کی حکومت جب بھی آتی ہے کسانوں کا معاشی قتل عام کرتی ہے، پاکستان ایک زرعی ملک ہے اگر ملک کا کسان خوشحال نہیں ہو گا تو پاکستان کیسے خوشحال ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کل کسانوں کو اپنی تیار فصلوں کی فکر ہوتی ہے مگر حکمرانوں نے انہیں احتجاج پر مجبور کر دیا ہے، ہم نے اپنے دور میں ساڑھے بارہ ایکڑ زرعی اراضی پر ٹیکس معاف کیا، ٹیوب ویل کا 50 فیصد بجلی کا بل ہماری حکومت ادا کرتی تھی، ٹیل تک پانی پہنچایا، کھاد کی قیمتوں میں سبسڈی دی، پکے کھالے تعمیر کیے غرضیکہ ہماری حکومت نے کسانوں کو مراعات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی خوشحالی کیلئے خاطر خواہ اقدامات کیے تھے جو شہبازشریف نے بند کر دئیے جس کی وجہ سے آج کسان بے حال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ملک میں کسانوں کا خاص خیال رکھا جاتا ہے لیکن پنجاب میں کسانوں سے دشمنی کی جاتی ہے۔