موجودہ حکومت نے صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے، وزیراعظم پولیو کنٹرول پروگرام کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں، پارلیمانی سیکریٹری قومی صحت

بدھ 28 ستمبر 2016 15:26

اسلام آباد ۔ 28 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 ستمبر۔2016ء) پارلیمانی سیکریٹری قومی صحت ڈاکٹر درشن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ موجودہ دور حکومت میں جتنا کام صحت کے شعبہ میں ہوا ہے، ماضی میں حکومتوں نے اتنی توجہ نہیں دی۔ وزیراعظم پولیو کنٹرول پروگرام کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ پولیو کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں ڈاکٹر نگہت شکیل کے ایس ڈی جیز کے ضمن میں ممالک کے پروگرام کی پہلی عالمی تشخیص میں 188 ممالک میں پاکستان کی 149 ویں پوزیشن سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے پارلیمانی سیکریٹری ڈاکٹر درشن نے کہا کہ صوبوں کے ساتھ مل کر ماں اور بچہ کی صحت کے حوالے سے کام ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ پوزیشن ہماری 149 ویں ہے۔ ہمارے اقدامات کے نتیجے میں بہتری آ رہی ہے۔ توجہ مبذول نوٹس پر ڈاکٹر نگہت شکیل، شیخ صلاح الدین، سمن سلطانہ جعفری اور محمد مزمل قریشی کے سوالات کے جواب میں پارلیمانی سیکریٹری ڈاکٹر درشن نے کہا کہ ہم اس حوالے سے معلومات نصاب تعلیم میں شامل کر رہے ہیں۔ ضلع اور تحصیل کی سطح پر ماں اور بچے کو صحت کی سہولیات کی فراہمی پر کام جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبوں میں عمل درآمد کرانے کا کام اٹھارہویں ترمیم کے بعد صوبائی حکومتوں کا ہے۔ صحت کے شعبہ میں پہلے کام نہیں ہوا۔ موجودہ حکومت صحت و تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ وزیراعظم پولیو کے حوالے سے مہم پر خود نظر رکھے ہوئے ہیں۔ موجودہ دور میں کوئی پولیو کیس سامنے نہیں آیا۔ پاکستان میں 36 ہائی رسک شہروں میں فوڈ نیوٹریشن کا کام ہو رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :