بھارت‘بنگلہ دیش‘بھوٹان اور افغانستان کی جانب سے 19ویں سارک سربراہی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کے اعلان کے بعد نومبر میں ہونے والی کانفرنس ملتوی کردی گئی- سارک کے قوانین میں یہ بات موجود ہے کہ اگر ایک بھی رکن ملک کانفرنس میں شرکت سے انکار کردے تو سارک کانفرنس ملتوی ہوجائے گی۔سفارتی ذرائع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 28 ستمبر 2016 14:40

بھارت‘بنگلہ دیش‘بھوٹان اور افغانستان کی جانب سے 19ویں سارک سربراہی ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 ستمبر۔2016ء) بھارت‘بنگلہ دیش‘بھوٹان اور افغانستان کی جانب سے 19ویں جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم (سارک) سربراہی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کے اعلان کے بعد نومبر میں ہونے والی کانفرنس ملتوی ہوگئی ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق سارک کے قوانین میں یہ بات موجود ہے کہ اگر ایک بھی رکن ملک کانفرنس میں شرکت سے انکار کردے تو سارک کانفرنس ملتوی ہوجائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کیونکہ بھارت نے گذشتہ روز سارک کے سربراہ نیپال کو باقاعدہ طور پر کانفرنس میں شرکت نہ کرنے سے آگاہ کردیا تھا، اس لیے قوانین کے مطابق یہ ملتوی ہوگئی ہے۔دوسری جانب یہ خبریں بھی آرہی ہیں کہ بھارت کے علاوہ دیگر 3 ممالک نے بھی کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا ہے، جن میں افغانستان، بنگلہ دیش اور بھوٹان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ افغانستان، بھوٹان اور بنگلہ دیش کے بھارت سے بہت قریبی تعلقات قائم ہیں جبکہ ہندوستان کے گذشتہ روز کے بیان میں سارک رکن ممالک سے یہ توقع کی گئی تھی کہ وہ بھی ان کے اقدام کی پیری کریں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ کیونکہ سارک سربراہی کانفرنس کیلئے 8 ممالک کا کورم مکمل نہیں تھا، اسے ملتوی کیا گیا ہے تاہم یہ منسوخ نہیں ہوئی۔ ذرائع نے بتایا کہ ملتوی ہونے والی کانفرنس کے منعقد ہونے تک اس کی سربراہی نیپال کے پاس رہے گی۔یاد رہے کہ بھارت نے گذشتہ روز 9 اور 10 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والی سارک سربراہی کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔

بھارت وزارت خارجہ کے ترجمان ویکاس سوراپ نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا تھا کہ انھوں نے سارک کے موجودہ سربراہ نیپال کو اس حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے بھارت کا کہنا تھا کہ علاقائی تعاون اور دہشت گردی ایک ساتھ جاری نہیں رہ سکتے۔ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ صورت حال میں بھارتی حکومت پہلے سے طے شدہ اسلام آباد میں ہونے والے سارک سربراہی کانفرنس میں شرکت کرنے سے قاصر ہے۔

متعلقہ عنوان :