محکمہ لیبربھٹہ مزدوروں کے قومی شناختی اور خدمت کارڈز کے اجراء کیلئے بھر پور اقدامات کر رہا ہے‘راجہ اشفاق سرور

بدھ 28 ستمبر 2016 14:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 ستمبر۔2016ء) صوبائی وزیرمحنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ محکمہ لیبر پنجاب مزدور طبقہ کی فلاح وبہبود ، بھٹہ مزدور ں کے قومی شناختی کارڈز اور خدمت کارڈز کے اجراء کی غرض سے بھرپور اقدامات کر رہا ہے، نادرا ، پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی اور محکمہ تعلیم کو اس مقصد کیلئے بھرپور معاونت فراہم کی جا رہی ہے ،پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی اب تک 40ہزار سے زائد بھٹہ مزدوروں کو خدمت کارڈز جاری کر چکا ہے جبکہ ان کے سکولوں میں داخل 75فیصد حاضری یقینی بنانیوالے بچوں کو تعلیمی وظائف باقاعدگی سے دیئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں اس حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ حکومت پنجاب نے بھٹہ خشت پر چائلڈ لیبر و جبری مشقت کے خاتمے کے لئے لیبرقوانین میں ضروری ترامیم کی ہیں جن کے مطابق بھٹہ مزدور اب مالک سے 50ہزار روپے سے زائد رقم بطور پیشگی نہیں لے سکتااوربھٹہ مالک اور مزدور کے درمیان ملازمت کیلئے تحریری معاہدہ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان اقدامات سے اینٹوں کے بھٹوں پر مزدوروں کے ساتھ عرصہ دراز سے جاری استحصال اور پیشگی کلچرکا خاتمہ یقینی ہو گا۔بھٹہ خشت پر چائلڈ لیبر کی صورت میں اب مالکان کے ساتھ مشقت کرنے والے بچوں کے والدین بھی ذمہ دار قرار دیئے جائیں گے۔ اس حوالے سے سزاؤں کو بھی مزید سخت بنایا گیا ہے اور کسی بھی خلاف ورزی پر 50ہزارروپے جرمانہ،چھ ماہ قید اور بھٹہ سیل کر دیاجاتا ہے۔

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ بھٹہ مزدوروں کے قومی شناختی کارڈز کے اجراء کے لئے محکمہ لیبر مختلف اضلاع کی انتظامیہ اور بھٹہ مالکان کو آگاہ کرکے نادرا پنجاب کی موبائل ٹیمیں باقاعدگی سے اینٹوں کے بھٹوں پر بجھوا رہا ہے تاکہ معاشرے کے اس نادار طبقے کے شناختی کارڈ بنوا کر انہیں سوشل سکیورٹی سہولیات کے دائرہ کار میں لایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بھٹوں پر جدید ٹیکنالوجی اور مشینوں کے ذریعے اینٹوں کی تیاری سے نا صرف جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کا خاتمہ ممکن ہو گا بلکہ بھٹہ مزدور کی عزت نفس بھی بحال ہو گی۔

حکومت پنجاب بھٹہ خشت انڈسٹری میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے رجحان کی بھر پور حوصلہ افزائی کرے گی۔وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی لیبر لاز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے انسپکشن کے عمل میں تیزی لائی جائے اور ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقدجائیں۔