آزاد کشمیر سے استحصالی کلچر کا خاتمہ اور گڈ گورننس کا قیام موجودہ حکومت کا ایجنڈا ہے‘ایم ایل اے ناصر ڈار

بدھ 28 ستمبر 2016 14:19

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 ستمبر۔2016ء) آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر قیادت غریب اور مظلوم عوام کو فوری اور سستا انصاف ان کی دیلیز پر فراہم کرے گی۔ آزاد کشمیر میں قانون کی حکمرانی اور انصاف کی بالا دستی قائم کرے گی ۔ آزاد کشمیر سے استحصالی کلچر کا خاتمہ اور گڈ گورننس کا قیام موجودہ حکومت کا ایجنڈا ہے ۔

مسلم لیگ ن کے رکن قانون ساز اسمبلی ناصر ڈار ایم ایل اے نے ایک سیمینار سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں گڈ گورننس اور میرٹ کی علمداری قائم کر کے آزاد کشمیر کو ایک ماڈل فلاحی اسٹیٹ بنائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں غربت پاکستا ن سے اڑھائی گنا زیادہ ہے ۔

(جاری ہے)

مودی بڑھکیں مارنے کے بجائے اپنے گھر پر توجہ دے۔

پاکستان کی 8.3فیصد آبادی اور بھارت کے 21.3فیصد عوام خط غربت سے نیچے زندگی گزار نے پر مجبور ہیں ۔ بھارت میں عدم مساوات بھی زیادہ ہے اور انسانی ترقی کی مجموعی صورتحال بھی انتہائی ابتر ہے ۔ غریب ملک ہونے کے باوجود بھارت دفاعی اخراجات کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے ۔ بھارت نے سال 2015ء میں فوجی ضروریات پر51.3بلین ڈالر کی خطیر رقم خرچ کی ۔

جس سے بھارتی عوام کی غربت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے ۔ امریکی ادارے کی ریسرچ کے مطابق 50فیصد بھارتی عوام مودی کی پاکستان پالیسی سے نالاں ہیں ۔ نریندر مودی بھارت کی قومی سلامتی کے ساتھ سیاست کررہے ہیں ۔مودی حکومت نے مظلوم کشمیریوں پر اندوہناک مظالم کا لامتناہی سلسلہ شروع کر رکھاہے ۔ لیکن بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہر گز سرد نہیں کر سکتا۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بربریت کی انتہا ہو چکی ہے ۔ کوئی بھی چھوٹا حادثہ عالمی امن کو خراب کر سکتا ہے ۔ بھارتی مظالم جاری رہے تو کشمیری قوم متبادل راستہ اختیار کرے گی ۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کا پر امن حل چاہتا ہے ۔ بھارتی حکومت کو بھی سنجیدہ مذاکرات کیلئے آگے بڑھنا چاہیے تا کہ مسئلہ کشمیر کا پر امن اور منصفانہ حل ممکن ہو سکے ۔

متعلقہ عنوان :