عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ریاستی تشدد روکنے کیلئے اقدامات کرے ‘رکن اسمبلی میاں یاسررشید

بدھ 28 ستمبر 2016 14:19

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 ستمبر۔2016ء) آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن میاں یاسر رشید نے کہا ہے کہ مسلم امہ کو چیلنجز سے مل کر نمٹنا ہو گا۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ریاستی تشدد روکنے کیلئے اقدامات کرے ۔ برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیریوں کی جدوجہد نے نیا رخ اختیار کرلیا ہے ۔ دہشتگردی کے مقابلہ کیلئے وسیع تعاون کی ضرورت ہے ۔

بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی سرپرستی اور معاونت کررہاہے ۔ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری بھارت کی پاکستان میں مداخلت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ مہاجرین مقیم پاکستان کی ایک تقریب سے خطاب کے دوران میاں یاسررشید ایم ایل اے نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ مسئلہ کشمیر ستر سال پرانا ہے ۔

(جاری ہے)

مظلوم کشمیری اپنی ہی سرزمین پر قتل کیے جا رہے ہیں ۔

عالمی برادری کے سامنے مسئلہ کشمیر اجاگر کرتے ہیں اورکرتے رہیں گے۔مقبوضہ کشمیر کے لوگ ہر روز ریفرنڈم کرتے ہیں کہ آزادی سے کم کچھ قبول نہیں ۔ ہم کشمیری بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ میاں یاسر رشیدنے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی انتہا ہو چکی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اگر جاری رہے تو وہاں کے نوجوان متبادل راستہ کے طور پر مسلح جدوجہد شروع کر سکتے ہیں ۔

مسئلہ کشمیر کے پرامن حل اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مسلح افواج کے اندوہناک مظالم پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی باعث تشویش ہے۔ مقبوضہ کشمیر قید خانے میں تبدیل ہوچکا ہے ۔ کشمیریوں کی آزادی کی جنگ کشمیریوں کی پانچویں نسل کو منتقل ہو چکی ہے ۔ اور مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کی قیادت نوجوان نسل نے سنبھال لی ہے ۔ بھارتی حکمرانوں کونوشتہء دیوار پڑھ لینا چاہیے اور اقوام متحدہ کی کشمیرقراردادوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق خودارادیت دینا چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :