خورشید شاہ کو کسانوں کے دھرنے میں شرکت سے روک دیا گیا

بدھ 28 ستمبر 2016 13:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 ستمبر۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشیدشاہ کو کسانوں کے دھرنے میں شرکت سے روک دیا گیا ،پنجاب حکومت کی جانب سے مال روڈ کو اطراف میں کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق لاہور کے مال روڈ پر کسانوں نے اپنے مطالبے منوانے کے لیے دھرنا دے دیا ہے، کسان اتحاد کی مرکزی قیادت کی گرفتاری اور حکومت کی جانب سے زبردستی دھرنا ختم کرانے کی کوشش کے بعد کسان بپھر گئے اور ان کے احتجاج میں شدت آگئی ہے، جس کے بعد کسانوں نے روڈ پر شامیانے لگاکر غیر معینہ مدت کے لیے احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔

کسانوں کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے جو وعدے کیے تھے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں ہوا ہے۔ کسانوں کے دھرنے میں پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کی شرکت کے اعلان کے بعد پنجاب حکومت نے مال روڈ کے اطراف کنٹینر لگاکر سڑک کو بند کردیا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں، ذرائع کے مطابق خورشید شاہ کو دھر نے میں شرکت سے روکنے کے لئے یہ اقدام کیا گیا ہے ۔