احتجاج کو روکنا آمروں کا شیوہ ،(ن)لیگیوں میں اب تک ضیاء کی روح گھسی ہے،خورشید شاہ

بدھ 28 ستمبر 2016 13:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 ستمبر۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج کو روکنا جمہوری حکمرانوں کا نہیں آمروں کا شیوہ رہا ہے لگتا ہے مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں میں اب تک ضیاء الحق کی روح گھسی ہوئی ہے ، مجھے کسانوں کی ریلی میں شرکت سے روکنے کے لئے پنجاب حکومت نے کنٹینرز لگا ئے جو افسوسناک ہے ۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پرامن احتجاج کو روکنا جمہوری حکمرانوں کا نہیں بلکہ آمروں کا شیوہ رہا ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں میں اب تک ضیاء الحق کی روح گھسی ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ پرامن احتجاج عوام کا آئینی و قانونی حق ہے اور حکومت اس حق کو چھین نہیں سکتی۔خورشید شاہ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں کنٹینرز لگا کر ان کا راستہ روکنے کی کوشش کی ہے، جس راستے سے انہیں ریلی میں شریک ہونا ہے وہ راستہ سیل کر دیا گیا ہے حالانکہ انہوں نے تحریری طور پر حکومت پنجاب کو اپنے شیڈول اور راستے سے آگاہ کردیا تھا، حکومت فوری طور پر کنٹینرز ہٹا کر راستے کھول دے ورنہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی ذمہ داری پنجاب حکومت اور مسلم لیگ (ن) پر ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کسانوں کے جائز مطالبات پورے ہونے چاہئیں کیونکہ کسانوں کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے۔واضح رہے کہ لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر کسان اتحاد کی جانب سے اپنے مطالبات کے لیے دھرنا دیا گیا ہے جس پرپنجاب حکومت نے کینٹینرز لگا کر راستوں کو سیل کردیا ہے۔