جموں وکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے، حریت فورم سے میر واعظ عمر فاروق کا خطاب ،بھارتی وزیر خارجہ نے کشمیر کو اٹوٹ انگ قراردیگر اقوام متحدہ کا بھی مذاق اڑایا، یاسین ملک ، آسیہ اندرابی

بدھ 28 ستمبر 2016 13:22

سرینگر ۔ 28 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 ستمبر۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے جسکے حل کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متعدد قرار دادیں پاس کر رکھی ہیں جن پر عمل درآمد ہونا تاحال باقی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ 1947سے قبل بھی جموں کشمیر بھارت کا حصہ نہیں تھا ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے سرینگر کے تاریخی لال چوک میں اعلان کیا تھا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے گااور یہی وعدہ انہوں نے عالمی برادری سے بھی کیا تھا لہذا بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی اقوام متحدہ میں حالیہ تقریر دنیا کو گمراہ کرنے کا عمل تھا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ شسما سوراج کی بے بنیاد تقریر کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کے قتل عام سے بھی ہٹانا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی تمام تر چالبازیوں اور مکرو فریب کے باوجود اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے ایک جاندار بیان جاری کیا ۔ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیربھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ہے بلکہ کشمیری اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کیلئے جد وجہد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب برطانیہ نے جنگ آزادی کے دوران بھارتیوں پر اس قدر مظالم نہیں ڈھائے تھے جس قدر بھارت اس وقت کشمیریوں پر ڈھا رہا ہے ۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ میں بیٹھ کر قراردادوں سے انکارکیا اور جموں وکشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دیاجو عالمی ادارے کا مذاق اڑانے کے متراد ہے۔ دریں اثنا دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہ شسما سوراج کی تقریر قطعی طور پر بے بنیاد اور غیر حقیقت پسندانہ تھی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزادی کیلئے اب تک چھ لاکھ سے زائد جانوں کی قربانی دی ہے لہذا جموں وکشمیر کو اٹوٹ انگ قرار دینا بیمار ذہنیت کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا پاکستان پر دہشت گردی کا الزام بھی ایک بڑا جھوٹ ہے کیونکہ پاکستان گزشتہ کئی برسوں سے بڑے پیمانے کا خود دہشت گردی کا شکار ہے ۔ آسیہ اندرابی نے کہا کہ بھارت کو ایک روز حقیقت تسلیم کرکے کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دینا پڑے گا۔