بھارتی وزیر خارجہ کا بیان سفید جھوٹ اور اصل حقائق سے انحراف ہے،سید علی گیلانی

بدھ 28 ستمبر 2016 13:22

سرینگر ۔ 28 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 ستمبر۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین سید علی گیلانی نے اقوامِ متحدہ میں بھارتی وزیر خارجہ سشماسوراج کے بیان کو سفید جھوٹ اور اصل حقائق سے انحراف قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ انہیں اس بیان پر کوئی حیرانی نہیں ہوئی ہے کیونکہ بھارتی حکمران1947ء سے فوجی قوت کے اندھے غرور میں مبتلا ہوکر اصل حقائق سے منہ چھپاتے پھرتے ہیں۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ جمہوری ملک ہونے کا دعویٰ کرنے والے ملک کے چوٹی کے سیاستدان اظہر من اشمس تاریخی حقائق کو تسلیم کرنے کی ہمت نہیں کرپارہے ہیں تاکہ وہ اقتدار سے الگ ہوکر اپنے عوام کے ہتھے نہ چڑھ جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کے حکمران پچھلے 70سال سے اپنے عوام کو جھوٹ بولتے آرہے ہیں اور ان کو خدشہ ہے کہ اگر ہم حقائق کو کھلے عام تسلیم کرلیں گے تو یہی عوام ہمارا جینا حرام کردیں گے۔

حریت چیئرمین نے کہا کہ اگر پوری دنیا بھی جھوٹ کو صدیوں تک دہراتی رہے اس سے وہ سچ میں تبدیل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کی اس ہٹ دھرمی اور جھوٹی انا سے کشیدگیاں، تلخیاں اور دوریاں کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ جائیں گی جس سے خطے کے عوام کی مشکلات اور مصائب میں اضافہ ہوگا۔ ا نہوں نے کہاکہ بھارتی وزیر خارجہ نے عالمی ادارے کی تذلیل کی ہے جس سے اس ادارے کی اعتباریت، اس کی عالمگیریت اور اس کی افادیت پر ایک سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ جموں وکشمیرمیں حالیہ احتجاجی تحریک کے دوران پُرامن جلسوں اور جلوسوں پر بھارتی سفاک فوجیوں نے گولیوں کی بارش کرکے 90سے زائد جوانوں کو شہید کردیا، 14000کو زخمی کرکے 500سے زائد معصوموں کی بینائی چھینی، 5000سے زائد افراد کو جیلوں میں ٹھونس دیا گیا۔ 82 روز سے پوری وادی اپنا سب کچھ داوٴ پر لگا کر ایک منظم احتجاج کررہی ہے لیکن بھارتی قابض حکمرانوں کو اس عوامی تحریک میں بھی پاکستان نظر آرہا ہے اور وہ ہمیں کچلنے اور ہماری آواز کو دبانے کے لیے پوری قوت استعمال کررہے ہیں۔

حریت چیئرمین نے کہا کہ بھارتی وزیرِ خارجہ کو باقی ممالک کے اندرونی معاملات پر واویلا کرنے سے پہلے اپنے گھر کی خبر لینی چاہیے تھی جہاں اقلیتوں اور خاص کر مسلمانوں کا خون ہر طرف بکھرا پڑا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہم نہ تو بھارت کی اس ضد، ہٹ دھرمی اور جھوٹ سے مرعوب ہوکر ہمت ہاریں گے اور نہ ہی ان کی فوجی طاقت کے جبر اور قہر کے سامنے جھک کر اپنی جدوجہد سے دستبردار ہوجائیں گے بلکہ 6لاکھ شہداء کے مقدس لہو سے سینچی ہوئی اس تحریک کو اپنے منطقی انجام تک پہنچا نے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔