4اکتوبر کو وکلاء کے ساتھ کنٹرول لائن کی طرف ریاستی ملازمین لانگ مارچ کریں گے

کشمیر کے اندر جاری ظلم و ستم ،بربریت اور بے گناہ خون سے ہولی کھیلنا بھارتی حکومت کا وطیرہ بن گیا ہے جس پر خاموش نہیں رہ سکتے‘شریف اعوان

بدھ 28 ستمبر 2016 12:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 ستمبر۔2016ء) آل سیکرٹریٹ ایملائز ایسوسی ایشن آزادکشمیر نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے دی گئی لانگ مارچ کی حمایت کا اعلان کر دیا ۔4اکتوبر کو وکلاء کے ساتھ کنٹرول لائن کی طرف ریاستی ملازمین لانگ مارچ کریں گے ۔محمد شریف اعوان صدر سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن ،چوہدری جاوید چیف آرگنائزر ،اصغر خان یوسفزئی چیئرمین میڈیا سیل،راجہ خالد راٹھور کا کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب اور 4اکتوبر لائن آف کنٹرول کی جانب تاریخی لانگ مارچ کا اعلان۔

شریف اعوان نے کہا کہ کشمیر کے اندر جاری ظلم و ستم ،بربریت اور بے گناہ خون سے ہولی کھیلنا بھارتی حکومت کا وطیرہ بن گیا ہے جس پر خاموش نہیں رہ سکتے ۔وطن عزیز کے دفاع اور کشمیریوں کے لیئے خون کا آخری قطرہ بھی حاضر ہے ۔

(جاری ہے)

سپہ سالار فوج راحیل شریف ملت اسلامیہ اور پاکستان کے ہیرو ہیں جنکی موجودگی میں دشمن کبھی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ۔ملازمین پوری قوت اور جذبہ کے ساتھ وکلاء سوسائٹی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں سب سے پہلے پاکستان پھر بعد کی باتیں ہیں۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی کال ملازمین کی کال ہے جس کو کامیاب بنانے کے لیئے تمام تر حکمت عملی طے کر لی ہے ۔4اکتوبر کو ملازمین اور وکلاء کنٹرول لائن کو پاؤں تلے روند کر رہیں گے -