آسٹریلیا نے کمزور حریف آئرلینڈ سے آسانی سے کامیابی حاصل کرلی

بدھ 28 ستمبر 2016 12:34

آسٹریلیا نے کمزور حریف آئرلینڈ سے آسانی سے کامیابی حاصل کرلی

بینونی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 ستمبر۔2016ء) آسٹریلیا نے کمزور حریف آئرلینڈ سے آسانی سے کامیابی حاصل کرلی ، عثمان خواجہ اور اسٹیون اسمتھ نے اپنی ٹیم کو واحد ون ڈے میں 9 وکٹ سے فتح دلادی۔199 رنز کا معمولی ہدف کینگروز نے ایک وکٹ کے نقصان پر تقریباً 20 اوورز قبل ہی حاصل کرلیا، عثمان 82 اور اسمتھ 59 رنز پرناٹ آؤٹ رہے، اس سے پہلے دووکٹ پر 121 رنز بنانے والی آئرلینڈ کی ٹیم 198 پر رخصت ہوگئی، ایڈم زامپانے 3 جبکہ جان ہیسٹنگز اور اسکاٹ بولینڈ نے2،2 وکٹیں لیں۔

تفصیلات کے مطابق آئرلینڈ کو بینونی میں تین دن کے دوران دوسری بڑی شکست کا منہ دیکھنا پڑا، اسی وینیو پر اتوار کو اسے میزبان جنوبی افریقہ سے 206 رنز سے مات ہوئی تھی جبکہ اب آسٹریلیا نے بھی 9 وکٹ سے ہرا دیا۔

(جاری ہے)

199 رنز ہدف کے تعاقب میں ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے ٹیم کو 73 رنز کی بنیاد فراہم کردی، 30 بالز پر 48 رنز جڑنے کے بعد وارنر نے ٹم مورٹیگ کی سلو بال واپس ان کے ہاتھوں میں تھما دی، ڈیپ میں موجود پیٹر چیس نے عثمان کے 8 اور73 رنز پر کیچز ڈراپ کیے، دونوں مرتبہ مایوسی کا سامنا کرنے والے بولر بیری میک کارتھی تھے۔

عثمان نے82 اور اسمتھ نے59 رنز پرناٹ ا آؤٹ رہتے ہوئے ٹیم کو 30.1 اوورز میں ہدف تک پہنچا دیا۔ اس سے پہلے آئرلینڈ نے قدرے بہتر آغاز کرتے ہوئے 24 اوورز میں 2 وکٹ پر 121 رنز بنائے مگر پھر پوری ٹیم 198 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جان اینڈرسن 39، پال اسٹرلنگ 30 اور ولیم پورٹرفیلڈ 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔زامپا نے 3جبکہ ہیسٹنگز اور بولینڈ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ عنوان :