ہندوانتہا پسندوں سے خطرہ‘ رنبیرکپور نے چپ سادھ لی

بدھ 28 ستمبر 2016 12:07

ہندوانتہا پسندوں سے خطرہ‘ رنبیرکپور نے چپ سادھ لی
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 ستمبر۔2016ء) بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور نے انتہا پسندوں کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کودھمکیوں کے سوال پر کسی بھی قسم کا جواب دینے سے انکار کردیا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ دنوں ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کو بھارت چھوڑنے کا الٹی میٹم دیا گیا تھا جس کے جواب میں فلم نگری سے ہی انتہا پسندوں کی حمایت اور مخالفت میں آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں جب کہ رنبیر کپور اور فواد خان کی فلم ”اے دل ہے مشکل“ کے ہدایتکار کرن جوہر بھی پاکستانی فنکاروں کی حمایت کا اعلان کرچکے ہیں لیکن رنبیر نے کسی بھی قسم کا بیان دینے سے انکار کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنبیر کپور نے ایک تقریب میں شرکت کی جہاں صحافی کی جانب سے نئی آنے والی فلم میں فواد خان کے باعث بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں فلم کی ریلیز کو درپیش مشکلات پر سوال کیا گیا تو جواب میں اداکار کا کہنا تھا کہ میں اپنی فلم ”اے دل ہے مشکل“ سے متعلق بات کرسکتا ہوں لہٰذا اس کے علاوہ کسی بھی افواہوں کے بارے میں نہیں جانتا۔واضح رہے کہ ہدایتکار کرن جوہر کی نئی آنے والی فلم ”اے دل ہے مشکل“ میں اداکار فواد خان، رنبیر کپور، ایشوریارائے بچن اورانوشکاشرمامرکزی کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :