کراچی میں طویل عرصے بعد لائیو کنسرٹ کا رجحان فروغ پانے لگا

گلوکار شہزاد رائے نے ہزاروں لڑکے اور لڑکیوں کے سامنے لائیو گیت سنا کر سماں باندھ دیا

بدھ 28 ستمبر 2016 12:07

کراچی میں طویل عرصے بعد لائیو کنسرٹ کا رجحان فروغ پانے لگا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 ستمبر۔2016ء) کراچی میں ایک طویل عرصے بعد لائیو میوزک کنسرٹ کا رجحان فروغ پانے لگا ۔ گزشتہ ہفتے بیک وقت گلوکار شہزاد رائے ، عابدہ پروین ، اسرار ، کومل رضوی ، فیوڑن و دیگر گلوکاروں کے مختلف مقامات پر لائیو میوزک کنسرٹس منعقد کئے گئے جس میں ہزاروں فیملیز اور نوجوانوں نے شرکت کی جو ان کی گائیکی سے لطف اندوز ہوتے رہے ۔

(جاری ہے)

کراچی آرٹس کونسل میں گلوکار شہزاد رائے نے ہزاروں لڑکے اور لڑکیوں کے سامنے لائیو گیت سنا کر سماں باندھ دیا ۔ فوک گلوکارہ عابدہ پروین اور پاپ و فوک گلوکار اسرار نے ساحلی کلب میں رات گئے تک فوک ، پاپ اور صوفیانہ کلام سنا کر میلہ لوٹ لیا ۔ کومل رضوی نے تاریخی ورثہ فریئر ہال (باغ جناح ) میں کنسرٹ میں رات گئے تک پرفارم کیا جس میں ان کے ہمراہ دیگر گلوکاروں نے بھی اپنی گائیکی کا رنگ جمایا ۔ شہر میں بہتر ہوتے ہوئے حالات کو شہریوں نے ثقافتی سرگرمیوں کیلئے خوش آئند قرار دیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اب ہمیں سکون کیساتھ میوزک ، گیتوں اور ثقافتی تقریبات میں جاکر لطف آنے لگا ہے ۔

متعلقہ عنوان :