کرپشن گڈ گورننس اور وسائل کی یکساں تقسیم میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ، بدعنوانی کے خاتمے کیلئے احتساب کا یکساں نظام ضروری ہے ،اس میں کسی مخصوص طبقے کے لئے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے، کرپشن کا ناسور جنوبی ایشیاء کے ساتھ ساتھ مغربی ممالک میں بھی سرایت کر چکا ہے،احتساب کے ادار ے لوگوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں

چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کی نیب اور سارک ممالک کے نمائندوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرپشن کے خاتمے کیلئے نیب کے اقدامات قابل تحسین ہیں، راجہ ظفرالحق

منگل 27 ستمبر 2016 23:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 ستمبر - 2016ء ) چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہاہے کہ کرپشن گڈ گورننس اور وسائل کی یکساں تقسیم میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے تاہم کرپشن کے خاتمے کے لیے احتساب کا یکساں نظام ضروری ہے جس میں کسی مخصوص طبقے کے لئے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے، کرپشن ایک ناسور ہے جو کہ نہ صرف جنوبی ایشیاء کے ممالک بلکہ مغربی ممالک میں بھی سرایت کر چکا ہے ، کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے قوانین پر عمل درآمد کرتے ہوئے احتساب کے ادارے اس سلسلے میں تمام طبقوں سے یکساں سلوک کریں اور لوگوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں ۔

وہ منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں نیب اور سارک ممالک کے نمائندوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔ سارک ممالک کے وفود اسلام آباد میں نیب کے زیر اہتمام دو روزہ سیمینار میں شرکت کیلئے پاکستان کے دورے پر آئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری ، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق اور سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک بھی موجود تھے ۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کرپشن ایک ناسور ہے جو کہ نہ صرف جنوبی ایشیاء کے ممالک بلکہ مغربی ممالک میں بھی سرایت کر چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے قوانین پر عمل درآمد کرتے ہوئے احتساب کے اداروں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس سلسلے میں تمام طبقوں سے یکساں سلوک کریں اور لوگوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں ۔

انہوں نے کہا کہ سارک کے ممالک پر مشتمل کرپشن کے خاتمے میں تعاون کیلئے ادارے کا قیام اس خطے کے لوگوں کیلئے خوش آئند قدم ہے انہوں نے کہا کہ سینیٹ قوانین پر عمل درآمد اور نگرانی کے شعبوں میں متعدد اقدامات اٹھارہا ہے ۔اس موقع پر قائد ایوان سینیٹ سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ ایشیائی ممالک کے مابین کئی ایک مشترکہ قدریں ہیں جو کہ مختلف شعبوں میں اشتراک کے عمل کو مزید بہتر بنانے کی متقاضی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے نیب کے اقدامات قابل تحسین ہیں ۔ قبل ازیں چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے سارک ممالک کے کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے دو روزہ سیمینار کے اغراض و مقاصد اور تعاون کے شعبوں سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا ۔ وفد میں چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری ، ڈائریکٹر جنرل آپریشن ظاہر شاہ ، بھوٹان ، بھارت ، سری لنکا ، مالدیپ اور نیپال کے نمائندوں نے شرکت کی ۔