علماکرام اور تمام مکاتب فکر فرقہ وارانہ و بین المذاہب ہم آہنگی اور دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے بھرپور کردار ادا کریں، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ، پاکستان کے دشمن قوم کو تقسیم کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں تاہم پاکستانی عوام اس کے مکروہ عزائم کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہیں، حکومت محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں مو ثر سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنائے گی

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید کی مرکزی امام حسین کونسل کے وفد سے ملاقات میں بات چیت

منگل 27 ستمبر 2016 23:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 ستمبر - 2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ علماکرام اور تمام مکاتب فکر فرقہ وارانہ و بین المذاہب ہم آہنگی اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بھرپور کردار ادا کریں، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان کے دشمن قوم کو تقسیم کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں تاہم پاکستانی عوام اس کے مکروہ عزائم کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہیں، حکومت محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں مو ثر سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنائے گی۔

وہ منگل کو یہاں مرکزی امام حسین کونسل کے سربراہ ڈاکٹر غضنفر مہدی کی سربراہی میں ملاقات کر نے والے وفد سے بات چیت کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام امن،آشتی اور پرامن بقائے باہمی کا مذہب ہے، بزرگان دین نے امن، رواداری اور محبت کا پیغام پھیلایا اور ان کی کاوشوں سے برصغیر کے لوگ مشرف بہ اسلام ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتہاپسندی اور دہشت گردی معاشرے کیلئے ایک ناسور ہے اور بزرگان دین کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اس عفریت سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن قوم کو تقسیم کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں تاہم پاکستانی عوام اس کے مکروہ عزائم کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بہادری اور جرا ت کے ساتھ وطن عزیز کو قائداعظم کا پاکستان بنانا ہے جس میں ایک دوسرے کے عقائد، افکار و نظریات کو برداشت کیا جاتا تھا اور جس میں مذہبی منافرت اور فرقہ وارانہ تقسیم نہ تھی۔

وفد نے وفاقی وزیر کو اپنے درپیش معاملات اور مسائل سے آگاہ کیا۔وفد کے ارکان نے ملک سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمہ کیلئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ حکومت محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں مو ثر سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا اور اس کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔

وفد میں صاحبزادہ مجبتی فاروق گل بادشاہ پیر آف موہڑہ شریف، علامہ سید اظہار بخاری، ذیلدار سید احسن شاہ، علامہ عظمت اللہ سلطان، صاحبزادہ عمر فاروق، شیخ مظہر علی، علامہ سلیم حیدری، صاحبزادہ سید محمود احمد، سید مطیع الحسنین شیرازی، طارق منظور طارق، پاسٹر پرویز یعقوب، پنڈت چنا لعل، علامہ زاہد عباس کاظمی اور احسن لودھی شامل تھے۔(رڈ)