نئی نسل کو معذوری سے بچانے کیلئے پولیو کے قطرے پلانا لازمی ہے،مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق

منگل 27 ستمبر 2016 23:08

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 ستمبر - 2016ء ) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پولیو سے پاک پنجاب وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا نصب العین ہے جس کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی میں جاری پولیو مہم کے دوران مختلف مقامات پر پانچ سال عمر تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے موقع پر کیا۔

ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ارشدعلی صابر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ مہم میں راولپنڈی میں 811708بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر ہے جس کے لیے1950موبائل ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں تاکہ مطلوبہ ٹارگٹ سو فیصد حد تک حاصل کیا جاسکے۔مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ نوجوان نسل کو معذوری سے بچانے کے لیے پولیو کے قطرے پلوانا لازمی ہیں تاکہ وہ مستقبل میں جسمانی معذوری سے محفوظ رہ سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ مہم کے دوران بچوں کو گھروں میں رکھیں اور پولیو ڈراپس پلوانے والی ٹیموں سے تعاون کرتے ہوئے اپنے بچوں کو قطرے پلوائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں پولیو ٹیمیں گھر گھر جاکر بچوں کو ویکسین کے قطرے پلا رہی ہیں اور اگر مقررہ ایام کے دوران ان کے علاقے میں پولیو ٹیم نہ پہنچے تو ای ڈی او ہیلتھ کے دفتر فون کرکے اس بارے میں اطلاع دی جائے تاکہ اس علاقے میں فوری طور پر پولیو ٹیم کو بھجوانے کے اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیو سے معاشرے کو محفوظ کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے اور اس سلسلے میں ہر شہری کو اپنا کردار پوری دیانتداری سے ادا کرنا ہوگا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف پولیوسے پاکستانی معاشرے کے قیام کے لیے تمام تر ممکنہ وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔انہوں نے پولیو کے سلسلے میں تمام متعلقہ افسران اور ورکرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض پوری دیانتداری اور قومی جذبے سے سرانجام دیں تاکہ پولیو سے پاک معاشرے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔

انہوں نے اس موقع پر ڈھوک راجہ محمد خان ایئر پورٹ روڈ اور کریم آباد سٹی ون ۔ای میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلوا ئے۔ انہوں نے اس موقع پر اہل علاقہ سے پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی کارکردگی کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے اربوں روپے خرچ کر رہی ہے اور اس قومی مہم میں محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ دیگر متعدد محکموں اور اداروں کے ملازمین بھی سرگرم عمل ہیں۔

انہوں نے شہریوں سے کہاکہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ خندہ پشانی سے پیش آئیں اور اپنے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطروں سے محروم نہ رکھیں ۔ مشیرصحت نے اپنے دورے کے موقع پر چکلالہ کینٹ بورڈ ڈسپنسری کا بھی معائینہ کیا اور وہاں قطرے پلوانے پر مامورٹیم سے بات چیت کی۔بعد ازاں انہوں نے ہولی فیملی ہسپتال میں پولیو کاوٴنٹر کا بھی معائینہ کیا اور ڈیوٹی پر موجود سٹاف ممبران سے پولیو مہم کے لئے دستیاب سہولیات کے بارے میں استفسار کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ اجتماعی کوششوں سے پولیو کا خاتمہ ممکن اوراس مقصد کیلئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔محکمہ صحت کے افسران نے صوبائی مشیرصحت کو پولیو مہم کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :