تیسراٹی ٹونٹی ،ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کیلئے 104رنز کا ہدف دے دیا

منگل 27 ستمبر 2016 22:27

تیسراٹی ٹونٹی ،ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کیلئے 104رنز کا ہدف دے دیا

ابو ظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار27 ستمبر۔2016ء )تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے آخری مقابلے میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کیلئے 104رنز کا ہدف دے دیا ہے ۔ابو ظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے جارہے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جانسن چارلس اور آندرے فلیچر نے اننگز کا آغاز کیا تو عماد وسیم میں پہلے میچ والی جھلک دکھائی دی اور انہوں نے میچ کے تیسرے ہی اوور کی دوسری گیند پر چارلس کو 5 رنز پر آؤٹ کیا اور اگلی ہی ڈیلیوری پر والٹن کو بولڈ کرکے ویسٹ انڈیز کو پھر سے مشکلات سے دوچار کردیا۔

آندرے فلیچر بھی 17 رنز کے مجموعی سکور پر 9 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے ۔ پہلے ٹی ٹونٹی میں نصف سنچری سکور کرنے والے تجربہ کار ڈووین براوو بھی 11 رنز پر عماد وسیم کا شکار بنے جب کہ نکولس پوران 16 رنز بنا کر پویلین لوٹے ۔

(جاری ہے)

سیمیولز اور پولارڈ آخری اوورز میں بڑی ہٹ مارنے میں ناکام رہے ، دونوں نے 44گیندوں پر 37رنز کی شراکت داری قائم کی ، سیمیولز 42اور پولارڈ 16رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔

پاکستان کیلئے عماد وسیم نے 3اور نواز نے ایک شکار کیا ۔ آخری معرکے کے لیے دونوں ٹیم میں 2،2 تبدیلیاں کی گئیں ہیں، پاکستان نے وہاب ریاض اور حسن علی کی جگہ محمد عامر اور رومان رئیس کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ ویسٹ انڈیز نے کیسرک ولیمز اور چیڈوک والٹن کو ٹیم میں شامل کیا ہے ۔ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ گرین شرٹس کے کپتان سرفراز احمد قیادت ملنے کے بعد پہلی مرتبہ مکمل سیریز میں قائدانہ صلاحیتیں دکھا رہے ہیں جس میں وہ کامیاب رہے اور سیریز اپنے نام کرلی ہے۔