پی سی بی حکام کی جانب سے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کو کل دی جانیوالی بریفنگ ملتوی

منگل 27 ستمبر 2016 19:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 ستمبر - 2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کی جانب سے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کو کل (بدھ ) کو دی جانیوالی بریفنگ ملتوی کر دی گئی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین عبد القہار خان وادان کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاوس میں ہونیوالے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان اور ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کو پی سی بی کے انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دینے کیلئے طلب کیا گیا تھا تاہم قائمہ کمیٹی ارکان کی مصروفیات کے باعث کل (بدھ ) کو پارلیمنٹ ہاوس میں ہونیوالا قا ئمہ کمیٹی کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے جو اب قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس کے اختتام کے بعد دوبارہ منعقد ہو گا ۔

واضح رہے کہ کمیٹی نے گزشتہ اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، پی سی بی گورننگ باڈی کے رکن شکیل شیخ سمیت دیگر حکام کی جانب سے کمیٹی کو دی گئی بریفنگ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کرکٹ بورڈ کے اعلی حکام کو اجلاس میں تفصیلی بریفنگ کیلئے طلب کیا تھا ۔