ڈی پی او اٹک کا حضرو میں امن کمیٹی کا اجلاس کھلی کچہری میں تبدیل

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 27 ستمبر 2016 18:24

حضرو اٹک (اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27 ستمبر۔2016ء ) چھچھ میں منشیات کی سر عام فروخت، جوئے کے اڈوں کے بھر مار اور خواجہ سراوٴں کے کھلے عام مجروں کے خلاف علماء و معززین پھٹ پڑے، علماء کے خلاف ایمپلی فائر ایکٹ فوری لاگو ہو جاتا ہے مگر مجروں کیلئے بڑے سپیکرز پر میوزک چلانے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی ، مناظر اہلسنت مفتی قاری اظہر محمود اظہری کا زبردست سوال، ڈی پی او اٹک نے ڈی ایس پی سرکل اور متعلقہ تھانوں کو فوری کارروائی کے احکامات دیتے ہوئے اگلے ہفتے پھر کھلی کچہری لگا کر مسائل بارے پوچھنے کا اعلان، تفصیلات کے مطابق محرم الحرام میں امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی قائم رکھنے کے حوالہ سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک زاہد نواز مروت نے بلدیہ حضرو کے ہال میں امن کمیٹی کے ممبران، چھچھ کے جید علماء کرام ، معززین علاقہ اور چھچھ محافظ کمیٹی کے ممبران کے ساتھ میٹنگ کی اور اپنے خطاب میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے حوالہ سے بریفنگ دی اورکہا کہ محرم الحرام میں امن ،بھائی چارے کی فضا قائم کرنے کیلئے علماء کرام اور معززین علاقہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں کسی شخص کو دوسرے مسلک کو چھیڑنے کی اجازت نہیں دینگے لاؤڈ سپیکرز کے ناجائز استعمال پر بھی مقدمات درج کیے جائیں گے محرم الحرام کے جلوسوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی امام بارگاہوں میں امام بارگاہ سے متعلقہ افراد کو چیکنگ پر لگایا جائے گا ، اس موقع پر علماء کرام، چھچھ محافظ کمیٹی اور شرکاء نے انہیں اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی تاہم معززین علاقہ اس موقع پر منشیات، جوئے ، خواجہ سراوٴں کے مجروں اور دیگر جرائم کے خلاف پھٹ پڑے ، پی پی پی ضلع اٹک کے رہنما حاجی آصف اجمل اعوان نے ڈی پی او کو مخاطب کرتے ہوئے برملا کہا کہ آپ سے کوئی کہے کہ یہاں پر سب ٹھیک ہے تو غلط ہو گا، میرے گاوٴں حمید میں سر عام ایک عرصہ سے منشیات فروخت ہو رہی ہے ، علاقہ میں امن و امان کے مسائل بھی ہیں جن پر قابو پایا جانا چاہئے ، معروف عالم دین قاری اظہر محمود اظہری نے بھی جرات مندانہ اظہار خیال کیا اور کہا کہ تحصیل حضرو میں منشیات و جوئے کی لعنت سے نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے انہوں نے ڈی پی او زاہد نواز مروت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سپیکرکے استعمال کو مولوی یا علماء سے مت جوڑیں ، پرسوں رات کو 3بجے رات میری آنکھ کھلی تو سپیکرز پر گانے بجانے کی آوزیں آ رہی تھیں جس پر صبح میں نے معلوم کیا تو بتایا گیا کہ رات کو شادی کے ایک پروگرام میں خواجہ سراوٴں کا ڈانس تھا جس پر میوزک کھلا تھا اور وہ ناچ رہے تھے اس پر ہم افسوس کا اظہار کرتے ہیں کہ مساجد میں سپیکر کے استعمال پر تو فوری پولیس حرکت میں آ جاتی ہے مگر ان لوگوں پر کوئی قانون لاگو نہیں ہوتاجس پر ڈی پی او اٹک نے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سے وضاحت مانگی مگر وہ کوئی جواب نہ دے سکے ، اس موقع پر ڈی پی او نے انہیں سخت ہدایات جاری کیں اور اعلان کیا کہ منشیات ، جوئے اوربیان کردہ دیگر جرائم کے خاتمہ کے حوالہ سے وہ رپورٹ لینے خود اگلے ہفتے پھر کھلی کچہری لگائیں گے اور عوام سے پوچھیں گے کہ وہ مطمئن ہیں یا نہیں ، اس موقع پر ممتاز عالم دین مولانا محمود الحسن توحیدی، نامزد چیئرمین بلدیہ حضرو رئیس ڈار، چیئرمین چھچھ محافظ کمیٹی حاجی عارف حسین، جے یو آئی ضلع اٹک کے سیکرٹری اطلاعات حافظ ہارون الرشید اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا، اے سی حضرو اویس منظور تارڑ ، ڈی ایس پی حفیظ اولکھ، ایس ایچ او حضرو مظہر شاہ اور پولیس کے دیگر افسران سمیت حاجی شیراز خان، حاجی احسان خان نمبردار، ملک رفاقت حسین اعوان نمبردار، نزاکت خان، ملک مقصود،انجمن تاجران کے ضلعی صدر سلیم خان علیزئی، جاوید مجید خان اور دیگر معززین بھی اس موقع پر موجود تھے۔