رائیونڈ مارچ میں شرکت کے لیئے پاکستان تحریک انصاف چاغی کا قافلہ کوئٹہ پہنچ گیا

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 27 ستمبر 2016 18:20

چاغی(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27 ستمبر۔2016ء ) رائیونڈ مارچ میں شرکت کے لیئے پاکستان تحریک انصاف چاغی کا قافلہ کوئٹہ پہنچ گیا۔پی ٹی آئی چاغی کے ضلعی صدر میر امان اللہ نوتیزئی کی قیادت میں کارکنان کوئٹہ سے بلوچستان کے دیگر کارکنوں اور رہنماؤں کے ہمراہ رائیونڈ مارچ میں شرکت کریں گے جہاں پارٹی پانامہ لیکس اور غلط طرز حکومت کے خلاف30 ستمبر کو احتجاج کرے گی۔

پی ٹی آئی چاغی کے ضلعی صدر میر امان اللہ نوتیزئی نے کہا کہ عوام کرپٹ نظام سے تنگ آکرتبدیلی چاہتے ہیں اور عمران خان ہی وہ واحد لیڈر ہیں جو اس ملک میں تبدیلی لاسکتے ہیں اس لیئے لوگ جوق در جوق پی ٹی آئی میں شامل ہوکر اعتماد کا اظہار کرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بلوچستان کا قافلہ سردار یارمحمد رند کی قیادت میں رائیونڈ مارچ میں شرکت کرکے یہ پیغام دے گی کہ کرپٹ حکمرانوں کے خلاف بلوچستان کے عوام بھی اٹھ کھڑے ہوئے ہیں جو حکمران اشرافیہ کے لیئے نوشتہ دیوار ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس اور دیگر معاملات پر حکومتی رویہ ہٹ دھرمی اور تاخیری حربوں پر مشتمل ہے جو قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے اس لیئے پی ٹی آئی نے فیصلہ کرلیا کہ وہ عوام کی طاقت کے ذریعے پرامن انداز سے حکمرانوں کو قوم کے سامنے سچ بولنے اور اپنے جرائم قبول کرنے پر مجبور کرے گی تاکہ پاکستان کو کرپشن، لوٹ مار اور دہشت گردی سے نجات دلا کر مستحکم اور ترقی یافتہ ملک بنایا جاسکے۔