ویوین رچرڈز نے ایسوسی ایٹ ملکوں اور غیرروایتی قوموں تک کرکٹ کی توسیع کی حمایت کردی

کرکٹ میں پاکستان اور ہندوستانی جیسے ایشین کا اثرورسوخ بہت زیادہ ہے لہٰذا ان ملکوں سے تعلق رکھنے والے افراد جو دنیا کے اس خطے میں رہتے ہیں، وہ کرکٹ کی ثقافت کو یہاں لے کر آئے، رچرڈز

منگل 27 ستمبر 2016 17:24

دبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 ستمبر - 2016ء) عظیم ویسٹ انڈین کرکٹر اور سابق کپتان ویوین رچرڈز نے ایسوسی ایٹ ملکوں اور غیرروایتی قوموں تک کرکٹ کی توسیع کی حمایت کردی ہے۔1970 اور 80 کی دہائی میں کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کی بالادستی کے قیام میں مرکزی کردار ادا کرنے والے 64 سالہ ساق کرکٹر نے کہا کہ متعدد ایشین اور ویسٹ انڈین امریکا یا دیگر ملکوں میں مقیم ہو چکے ہیں جہاں کرکٹ زیادہ نہیں کھیلی جاتی لہٰذا یہ انتہائی ضروری ہے ایسے ملکوں میں کرکٹ کو فروغ دیا جائے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز پر تجزیے کیلئے متحدہ عرب امارات میں موجود رچرڈز نے کہا کہ کرکٹ میں پاکستان اور ہندوستانی جیسے ایشین کا اثرورسوخ بہت زیادہ ہے لہٰذا ان ملکوں سے تعلق رکھنے والے افراد جو دنیا کے اس خطے میں رہتے ہیں، وہ کرکٹ کی ثقافت کو یہاں لے کر آئے اور یوں کرکٹ کے کھیل نے توسیع اختیار کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ کو ان ممالک تک بھی پہنچنا چاہیے جہاں کرکٹ کی کوئی روایت نہیں، امریکا میں دنیا بھر کے لوگ موجود ہیں جو کرکٹ پسند کرتے ہیں اور اپنے آبائی گھر چھوڑنے کے بعد کرکٹ کی کمی محسوس کرتے ہیں۔

سابق بلے باز نے کہا کہ امریکا میں کرکٹ کو بڑے پیمانے پر لایا جا سکتا ہے اور جہاں تک ٹی20 کرکٹ کی بات ہے تو اس کے ناظرین کی تعداد خصوصاً بہت زیادہ ہو گی۔گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز اور ہندوستان نے تاریخ رقم کرتے ہوئے امریکا میں دو انٹرنیشنل ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلی تھی اور پہلی مرتبہ شمالی امریکا میں دو ملکوں کے درمیان دوطرفہ سیریز کھیلی گئی تھی۔

بحیثیت کپتان ایک بھی ٹیسٹ سیریز نہ ہارنے والے ویوین رچرڈز اپنے دور کے سب سے کامیاب بلے باز تصور کیے جاتے تھے جنہوں نے 121 ٹیسٹ میچوں میں 50 کی اوسط سے آٹھ ہزار 540 اور 187 ایک روزہ میچوں میں 47 کی اوسط سے چھ ہزار 721 رنز بنائے۔انہوں نے اپنی جارحانہ بیٹنگ سے محدود اوورز کی کرکٹ میں انقلاب برپا کیا اور ویسٹ انڈین کو ایک روزہ میچوں کے دو ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔اپنے دور میں شارجہ میں کئی ون ڈے میچ کھیلنے والے ویوین رچرڈز نے کہا کہ امتحدہ عرب امارات نے کرکٹ کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا، میں یہاں واپس آنے پر شارجہ کے ساتھ ساتھ دبئی اور ابوظہبی اسٹیڈیم دیکھ کر بہت متاثر ہوا اور یہاں ہونے والی کرکٹ سے پورے مشرق وسطیٰ میں کھیل کے فروغ میں مدد ملے گی۔۔

متعلقہ عنوان :