پی سی بی نے کھلاڑیوں کے معاوضوں پر ابتدائی مشاورت مکمل کر لی ،باضابطہ اعلان اکتوبر میں ہوگا

منگل 27 ستمبر 2016 15:23

پی سی بی نے کھلاڑیوں کے معاوضوں پر ابتدائی مشاورت مکمل کر لی ،باضابطہ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 ستمبر۔2016ء) پاکستان کر کٹ بورڈ(پی سی بی )نے کھلاڑیوں کے معاوضوں پر ابتدائی مشاورت مکمل کر لی ہے،ٹی ٹوئنٹی کپتان سرفراز احمد کو بی سے اے کیٹیگری میں آل رانڈر عماد وسیم بھی ایک درجہ ترقی کے ساتھ بی کیٹیگری میں جگہ پائیں گے، محمد عامر، سہیل خان ، حسن علی، محمد نواز، شرجیل خان اور خالد لطیف بھی نئے کنٹریکٹ میں جگہ حاصل کریں گے، آل راؤنڈر شاہد آفریدی اور آف اسپنر سعید اجمل کوسینٹرل کنٹریکٹ سے خارج کر نے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کھلاڑیوں کے ساتھ نئے معاہدے کرنے کیلیے پی سی بی کی سینٹرل کنٹریکٹ کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز ہوا جس میں پلیئرز کی فہرست اور معاوضوں کے حوالے سے ابتدائی مشاورت کی گئی، ذرائع کے مطابق بورڈ کی جانب سے نیا سینٹرل کنٹریکٹ فٹنس مسائل سے دوچار اور کیریئر کے اختتام پر موجودکرکٹرز کے لیے بری خبر لا رہا ہے، ابتدائی فہرست میں شاہدآفریدی اور سعید اجمل کا نام شامل نہیں کیا گیا،دونوں قومی ٹیم سے باہر اور واپسی کا امکان معدوم ہے۔

(جاری ہے)

فواد عالم، حارث سہیل، عمر امین اور صہیب مقصود کے نام پر بھی سوالیہ نشان موجود تاہم ٹوئنٹی20کپتان سرفراز احمد کے ستارے عروج پر ہیں، انھیں شاہد آفریدی کی جگہ اے کیٹیگری میں شامل کیا جا رہا ہے جبکہ آل رانڈر عماد وسیم بھی ایک درجہ ترقی کے ساتھ بی کیٹیگری میں جگہ پا رہے ہیں، محمد عامر، سہیل خان، حسن علی، محمد نواز، شرجیل خان اور خالد لطیف نئے کنٹریکٹ میں جگہ حاصل کرینگے، کمیٹی کھلاڑیوں کی فہرست جلد بورڈ کے حوالے کرے گی اور حتمی منظوری کے بعد اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔