پی سی بی اکتوبر میں کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹریکٹ دے گا

منگل 27 ستمبر 2016 15:01

پی سی بی اکتوبر میں کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹریکٹ دے گا

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 ستمبر۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سنٹرل کنٹریکٹ 2017 کیلئے کھلاڑیوں کی نئی لسٹ اور شرائط تیار کرنا شروع کر دیں۔ شاہد آ فریدی اور سعید اجمل کو تین ماہ پہلے کی سفارشات کو مد نظررکھتے ہوئے سنٹرل کنٹریکٹ سے نکالنے کی تجویز کو عملی جامہ پہنانے کے لئے شہر یا ر خان سے مہر ثبت کروائی جائے گی۔تفصیلات کیمطابق پی سی بی کی جانب سے سنٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں جہاں اے اور بی کیٹیگری سے بوم بوم شاہد آ فریدی اور جادوگرا سپنر سعید اجمل کو نکالا جارہا ہے وہیں پر ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو اے کیٹگری سے سرفراز کیا جائیگا۔

اے کیٹیگر ی کے دیگر کھلاڑیوں میں مصباح الحق ، اظہر علی ،یونس خان کے علاوہ شعیب ملک شامل ہونگے ، جبکہ حفیظ کے بارے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا البتہ امکان ہے کہ انکی بھی تنزلی کر دی جائے گی عماد وسیم کی لاٹری بی کیٹگری میں نکالی جا رہی ہیں جبکہ جنید خان بی کیٹیگری سے باہر ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

اسد شفیق ، راحت علی ، یاسر شاہ ، وہاب ریاض، بی کیٹیگری میں ہی مو جود رہیں گے جبکہ انور علی ، فواد عالم ، حارث سہیل ، عمران خان کی سی کیٹیگری سے بھی چھٹی ہونے کا امکان ہے۔

عمر اکمل بابر اعظم سمیع اسلم ، کے علاوہ شان مسعود بھی سی کیٹیگری کا حصہ بن سکتے ہیں ، پی سی بی کے ذرائع کے مطابق سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان اکتوبر کے پہلے ہفتے میں چیئرمین پی سی بی شہر یار خان سے منظوری حاصل کرنے کے بعد کر دیا جائے گا۔