Live Updates

پاکستان عوامی تحریک کا پی ٹی آئی کے رائے ونڈ مارچ میں‌شرکت نہ کرنے کا اعلان

رائے ونڈ مارچ میں‌علامتی شرکت بھی نہیں کریں گے۔ عوامی تحریک رہنما خرم نواز گنڈا پور

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 27 ستمبر 2016 12:34

پاکستان عوامی تحریک کا پی ٹی آئی کے رائے ونڈ مارچ میں‌شرکت نہ کرنے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27 ستمبر 2016ء) : پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے درمیان دوریاں مزید بڑھنے لگیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک نے پی ٹی آئی کے رائے ونڈ مارچ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور کا کہنا ہے کہ عوامی تحریک نے تحریک انصاف کا کسی قسم کا بھی ساتھ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

عوامی تحریک علامتی طور پر بھی مارچ میں شریک نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا 30 ستمبر کا پروگرام واضح نہیں ہے۔پی ٹی آئی کلئیر ہی نہیں ہے کہ وہ رائے ونڈ میں دھرنا دے گی ، جلسہ کرے گی یا مارچ کرے گی۔ پی ٹی آئی نے ہم سے رائے ونڈ پروگرام سے متعلق مشاورت بھی نہیں کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اخلاقیات پر زور دیتے ہیں، عمران خان کے جواب پر ریمارکس دے کر فضا کو آلودہ نہیں کرنا چاہتا، طاہر القادری سے ناراضگی سے متعلق سوال پر عمران خان کا جواب غیر ذمہ دارانہ تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے مابین رابطہ کار بھی عمران خان کے اس بیان کو غیر سنجیدہ اور غیر ذمہ دارانہ قرار دے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز طاہر القادری کی ناراضگی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا تھا کہ میں رائے ونڈ رشتہ مانگنے نہیں جا رہا ، طاہرالقادری کی ناراضگی کی وجہ معلوم نہیں ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات