پاکستان، ویسٹ انڈیز کے درمیان آخری ٹی ٹونٹی آج کھیلا جائیگا،قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان

منگل 27 ستمبر 2016 12:07

پاکستان، ویسٹ انڈیز کے درمیان آخری ٹی ٹونٹی آج کھیلا جائیگا،قومی ٹیم ..

ابو ظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 27ستمبر ۔2016ء ) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج کھیلا جائے گا ، پاکستان کو سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہے،گرین شرٹس نے مہمان ٹیم کو ابتدائی 2 میچز میں شکست دے کر پہلے ہی سیریز اپنے نام کرلی ہے، ٹی ٹونٹی کا آخری معرکہ ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا،اس میدان پر پاکستان کا ٹی ٹونٹی میں ریکارڈ اچھا نہیں رہا ہے،گرین شرٹس کو یہاں 4میں سے محض 1ٹی ٹونٹی مقابلے میں ہی فتح نصیب ہوئی ہے ،گرین شرٹس کا اس میدان پر سب سے بڑا نفرادی سکور بھی محض 48ناٹ آؤٹ ہے جو مصباح الحق نے سری لنکا کیخلاف بنایا تھا ۔

(جاری ہے)

تیسرے میچ میں قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے اور وہاب ریاض اور حسن علی کی جگہ محمد عامر اور رومان رئیس کی ٹیم میں واپسی ہوسکتی ہے ۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ گرین شرٹس کے کپتان سرفراز احمد قیادت ملنے کے بعد پہلی مرتبہ مکمل سیریز میں قائدانہ صلاحیتیں دکھا رہے ہیں جس میں وہ کامیاب رہے اور سیریز اپنے نام کرلی ہے۔ پاکستان نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹوں اور دوسرے میچ میں 16 رنز سے شکست دی تھی۔