جائیداد کی خرید وفروخت پر ظالمانہ ٹیکسوں کو کم کرنے کا مطالبہ

وفاقی حکومت نے پورے ملک میں جائیداد کی خرید و فروخت پر پہلے سے موجود ظالمانہ ٹیکسوں کو کئی گنا بڑھا دیا ہے،پشاورمیں پریس کانفرنس

پیر 26 ستمبر 2016 18:48

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 ستمبر - 2016ء) ایگزیکٹیو کمیٹی حیات آباد ریذیڈنس سوسائٹی نے ایف بی آر کی جانب سے جائیداد کی خرید وفروخت پر ظالمانہ ٹیکسوں کو کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ گزشتہ روزپشاور پریس کلب میں سوسائٹی کے عہدیداروں نواب خٹک ‘ سراج الحق یوسفزئی ‘ احسان اللہ ‘حاجی قمر علی اور علی اکبر آفریدی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ایف بی آر کے ذریعے پورے ملک میں جائیداد کی خرید و فروخت پر پہلے سے موجود ظالمانہ ٹیکسوں کو کئی گنا بڑھا دیا ہے جس کی وجہ سے جائیداد کے انتقال پر لاکھوں روپے کا اضافی بوجھ براہ راست عوام پر پڑ رہا ہے ،عوام کو ریلیف دینے اور ان پر ان ٹیکسز کا بوجھ کم کرنے کیلئے دوسرے صوبائی حکومتوں اور ان کے متعلقہ اداروں نے جائیداد کی اوپن مارکیٹ ریٹ 100 فیصد سے لیکر 7000 فیصد تک کم ریٹ مقرر کئے ہیں تاہم صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے حیات آباد میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے اوپن مارکیٹ کے ریٹ سے بھی 100 سے 200 فیصد تک اضافی ریٹ مقرر کئے ہیں جو عوام کے ساتھ ظلم و نا انصافی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پشاور وہ بد قسمت شہر ہے جو گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے ان حالات میں صوبائی حکومت پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو معاشی اور اقتصادی ریلیف دے تاکہ شہری کسی حد تک پر سکون زندگی بسر کرے لیکن بد قسمتی سے صوبائی حکومت کی جانب سے عوام پر ظالمانہ اور غیر منصفانہ ٹیکس عائد کر کے ان کی زندگی اجیرن بنادی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم حیات آباد کے لاکھوں شہریوں کی جانب سے صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ دوسرے صوبائی حکومتوں کی طرح اپنے عوام کے مفادات کا خیال کرتے ہوئے ایف بی آر کے ٹیکسوں کے لئے جائیداد کی قیمتوں کو کم سے کم سطح پر لانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔