بھارت پاکستان پر حملے کی جرأت نہیں کرسکتا،جنگ کے نعرے جلد ٹھنڈے پڑ جائیں گے‘صاحبزادہ حامد رضا

سیاس استحکام پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات سے وابستہ ہے‘ چیئرمین سنی اتحاد کونسل کی کشمیری علماء و مشائخ کے وفد سے گفتگو

پیر 26 ستمبر 2016 18:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 ستمبر - 2016ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا پانامہ لیکس کی تحقیقات سے بھاگنا سیاسی انتشار کا سبب ہے، سیاس استحکام پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات سے وابستہ ہے، بھارت کے خلاف جہاد کا وقت آیا تو صوفیاء کے پیروکار سب سے آگے ہونگے،بھارت کا تجارتی ، ثقافتی اور سفارتی بائیکاٹ کرنا حب الوطنی کا تقاضا ہے ،شریف خاندان کی سکیورٹی پر پچھلے 8سالوں میں 7ارب 41کروڑ 48لاکھ روپے خرچ ہوچکے ہیں،حکومت عالمی برادری پر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے دباؤ ڈالے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل آزاد کشمیر کے جنرل سیکرٹری مفتی وسیم رضا کی قیادت میں ملاقات کرنے والے کشمیری علماء ومشائخ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ خطے میں امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔ بھارت نے کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے اڑی حملہ خود کروایا ۔ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر عالمی ضمیر کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔

پاکستانی فنکار پاکستانی فلموں میں کام بند کرکے حب الوطنی کا ثبوت دیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکمران خاندان کا دامن صاف ہے تو کرپشن کی تحقیقات سے کیوں گھبرا رہا ہے۔ قوم تاجر اور سوداگر حکمرانوں سے تنگ ہے۔ سیاست کو تجارت بنانے والوں نے انتخابات کو پیسے کا کھیل بنادیا ہے۔ کمرتوڑ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ بھارت پاکستان پر حملے کی جرأت نہیں کرسکتا۔ جنگ کے بھارتی نعرے جلد ٹھنڈے پڑ جائیں گے۔