Live Updates

پاکستان تحریک انصاف اقبال ٹاؤن کے سابق سینئر نائب صدر میاں اختر محمود کاسینکڑوں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان

پیر 26 ستمبر 2016 18:40

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 ستمبر - 2016ء) پاکستان تحریک انصاف اقبال ٹاؤن کے سابق سینئر نائب صدر میاں اختر محمود نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم تبدیلی کا نعرہ سن کر عمران خان کے پرکشش ماضی کو مدنظر رکھ کر تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے مگر ہمیں اس وقت انتہائی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کے قول وفعل میں ہم نے تضاد دیکھا۔

میاں اختر محمود نے کہا کہ میاں فرخ حبیب پارٹی پالیسی کے نام پر اپنی ذاتی پالیسی چلا رہے ہیں اور عمران خان کی قربت کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ خود کو تبدیل نہیں کر سکتے وہ کرپٹ نظام کیسے تبدیل کر سکتے ہیں جو کارکن عمران خان کی پرکشش شخصیت اور تبدیلی کا نعرہ سن کر تحریک انصاف میں بے لوث صرف اور صرف ملک وقوم کی خدمت کے لیے شامل ہوئے تھے انہیں پارٹی میں موجود ”پیارے“ اپنی خدمت کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم سیاست عزت اور عوام کی خدمت کے لیے کرتے ہیں کسی کی ”جاگیری“ کر کے عہدے حاصل کرنے کے لیے نہیں اس لیے اگر ہم پارٹی میں رہ کر صرف اقتدار کیلئے جدوجہد کرنی ہے تو میں تحریک انصاف میں شامل میاں فرخ حبیب اور ان جیسے دیگر عہدیداروں پر واضع کرتا ہوں۔ ذاتی مفادات کے حصول کیلئے اقتدار ہماری منزل ہرگز نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان جلد پریس کانفرنس میں کرونگا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات