سینئر وز یر بلدیات عنایت الله کی زیر صدارت واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن کمپنی کے افسران کیساتھ جائزہ اجلاس

پیر 26 ستمبر 2016 18:39

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 ستمبر - 2016ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت الله نے کہا ہے کہ پشاور کے علاوہ ایبٹ آباد ، کوہاٹ، مردان ، سوات، بنوں اور ڈی آئی خان کی ترقی ، صفائی، صاف پانی کی فراہمی اور سڑکوں کی تعمیرکے بڑے بڑے پراجیکٹس مخلوط حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وہ آج واٹر سپلائی اینڈ سینیٹیشن کمپنی کے سات اضلاع کے چیف ایگزیکٹیو افسران کے مسائل اور کمپنی کی کارکردگی کے حوالے سے پشاور میں ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

جس میں سیکرٹری بلدیات سید جمال الدین شاہ، چیف پلاننگ آفیسرمحترمہ طاہرہ یاسمین کے علاوہ پشاور، ایبٹ آباد، کوہاٹ، مردان، سوات، بنوں اور ڈی آئی خان کے چیف ایگزیکٹیو افسران نے بھی شرکت کی۔دوران اجلاس کمپنی کے متعلقہ افسران نے صوبائی وزیر کو کمپنی کی کارکردگی ، صفائی ستھرائی و جدید مشینری، خصوصی آلات و فنڈز کی فراہمی اور دیگر ضروریات و مسائل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دیں اور نظام کی تبدیلی اور اصلاح کیلئے فوری عملی اقدامات کریں تاکہ صوبے کے موجودہ نظام میں مزید بہتری آئے اور کمپنی کی کارکردگی سے عوام واضح تبدیلی محسوس کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی تکالیف کے ازالے کیلئے افسران موجودہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر عوام کو بہترین سہولیات مقامی سطح پر مہیا کریں تاکہ کمپنی کے ثمرات سے دور افتادہ علاقوں کی عوام حقیقی معنوں میں استفادہ کر سکیں۔

سینئر وزیر نے فنڈز کی فراہمی کے بارے میں یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ اس سلسلے میں جلد ہی وزیر اعلیٰ پرویز خان خٹک سے ملاقات کریں گے اور کمپنی کے مشکلات و مسائل سے انہیں آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کمپنی کی کارکردگی جانچنے کیلئے باقائدگی سے ماہانہ اجلاس منعقد کرانے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :