پشاور، رائیونڈ مارچ کا مقصد لوٹی ہوئی دولت کو ملک میں واپس لانے کیلئے راستہ ہموار کرنا ہے،شاہ فرمان

پیر 26 ستمبر 2016 18:39

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 ستمبر - 2016ء) پاکستان تحریک انصاف پشاور ریجن کے صدر اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے صوبائی وزیر شاہ فرمان نے کہا ہے کہ رائیونڈ مارچ کا مقصد لوٹی ہوئی دولت کو ملک میں واپس لانے کیلئے راستہ ہموار کرنا ہے۔حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام پر قرضوں کا بوجھ بڑھ گیا ہے اور پاکستان میں ہر پیدا ہونے والا بچہ 1لاکھ 20ہزار روپے کا مقروض ہوتا ہے۔

وہ گزشتہ روز بڈھ بیر پشاور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر شاہ فرمان نے کہا کہ رائیونڈ مارچ سے مخالفین کے اوسان خطا ہو گئے ہیں اور وہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر بہکی بہکی باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں عوام نے نظام بدلنے کیلئے ووٹ دیا تھا اور حکومت کی بہتر پالیسیوں کی بدولت اداروں میں تبدیلی کے واضح آثار نمایاں ہیں۔

(جاری ہے)

شاہ فرمان نے کہا کہ جب تک ملک سے کرپشن ختم نہیں ہوتی ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ رائیونڈ مارچ میں زیادہ سے زیادہ اپنی شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ چوروں اور لُٹیروں کو پتہ چل سکے کہ عوام کا سمندر ان سے حساب کتاب لینے آیا ہے۔ انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر اور افغانستان کی صورتحال کے بارے میں اپنا واضح موقف پیش کریں کیونکہ اے۔این ۔پی کی خاموشی سے عوام کے ذہنوں میں شکوک و شبہات پیدا ہو رہے ہیں اور کہیں ایسا نہ ہو کہ اس کی بچی کُچی سیاست کو عوام مسترد کر دیں اور آئندہ انتخابات میں انہیں ٹکٹ لینے والے بھی نہ ملیں۔

متعلقہ عنوان :